رسائی کے لنکس

کوہلی کا کارنامہ، ٹنڈولکر کی ون ڈے میں سینچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا


ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہی ہے جس کے تعاقب میں وراٹ کوہلی ہیں۔
ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہی ہے جس کے تعاقب میں وراٹ کوہلی ہیں۔

پانچ نومبر 2023 تاریخ میں ایک اہم دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ اسی روز بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی نے اپنی 35ویں سال گرہ منائی اور اسی سال گرہ کے دن ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سینچریاں اسکور کرنے کا ریکارڈ برابر کیا۔

کوہلی نے ورلڈ کپ کے دوران جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ون ڈے کریئر کی 49ویں سینچری بنا کر اس ریکارڈ کے شریک مالک بنے جو سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا۔

کوہلی اور ٹنڈولکر، دونوں اس وقت 49 سینچریاں بنا کر سب سے زیادہ ون ڈے سینچریاں بنانے والوں کی فہرست میں ٹاپ پر ہیں۔ لیکن کوہلی نے یہ کارنامہ سابق بھارتی کپتان سے کم وقت میں اور کم میچوں میں اسکور انجام دیا ہے۔

اب وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 50 ون ڈے سینچریاں بنانے سے صرف ایک سینچری دور ہیں جس کے بعد وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔

ٹنڈولکر بمقابلہ کوہلی

اس وقت ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہی ہے جس کے تعاقب میں وراٹ کوہلی ہیں۔

سابق مایہ ناز بلے باز ٹنڈولکر نے 463 میچوں میں 44 اعشاریہ آٹھ تین کی اوسط سے 18 ہزار 426 رنز اسکور کیے ہیں۔

ان کے مقابلے میں کوہلی اب تک 13 ہزار 626 رنز کے ساتھ اس لسٹ میں چوتھے نمبر پر ہیں جب کہ وہ اس وقت اپنا 289واں ون ڈے میچ کھیل رہے ہیں۔

دوسرے اور تیسرے نمبر پر سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ موجود ہیں۔ موجودہ کھلاڑیوں میں وراٹ کوہلی کے بعد نمبر بھارتی کپتان روہت شرما کا آتا ہے جنہوں نے حال ہی میں ون ڈے انٹرنیشنل میں 10 ہزار رنز مکمل کیے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کو ون ڈے کرکٹ میں 49 سینچریاں بنانے کے لیے 22 سال تین مہینے کا وقت لگا تھا۔ انہوں نے یہ کارنامہ اپنے 462 ویں میچ میں انجام دیا تھا۔

اس کے برعکس وراٹ کوہلی نے یہ ریکارڈ 15 سال تین مہینے میں اپنے 289ویں میچ میں ہی برابر کرلیا۔

اٹھارہ اگست 2008 کو ڈمبولا میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کرنے والے کوہلی کو پہلی سینچری بنانے کے لیے ایک سال چار مہینے انتظار کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے یہ سینچری اپنے 15ویں میچ میں اسکور کی تھی۔

سچن ٹنڈولکر اپنے کریئر کے دوران اتنے خوش قسمت نہیں تھے۔ اپنے پہلے دو میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے والے بلے باز کو ون ڈے سینچری کے لیے پانچ سال نو مہینے انتظار کرنا پڑا تھا۔

انہوں نے اپنی پہلی ون ڈے سینچری 78ویں میچ میں آسٹریلیا کے خلاف کولمبو میں 1994 میں اسکور کی تھی جس کے بعد انہوں نے مزید 48 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔

کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں سینچری بنانا وراٹ کوہلی کے لیے اس لیے بھی اہم تھا کیوں کہ انہوں اپنے ون ڈے کریئر کی پہلی سینچری 2009 میں سری لنکا کے خلاف اسی گراؤنڈ پر اسکور کی تھی۔

جنوبی افریقہ کے خلاف سینچری کے ساتھ ہی وہ رواں ورلڈ کپ میں 500 رنز بھی مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ 120 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز ان کی رواں ٹورنامنٹ میں دوسری سینچری ہے۔

اس سے پہلے وہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں سینچری اسکور کرچکے تھے جو انہوں نے پونے کے مقام پر بنائی تھی۔ مجموعی طور پر یہ ورلڈ کپ مقابلوں میں ان کی چوتھی سینچری ہے۔

بھارتی ٹیم اور وراٹ کوہلی کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے اس وقت بھارت پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم پوائنٹس کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے۔

کوہلی دھرمشالہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 95 اور ممبئی میں سری لنکا کے خلاف 88 رنز بناکر وہ اس ریکارڈ سینچری کے قریب تو آئے تھے لیکن کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG