لبنان کے وزیر اعظم نے ملک کی کابینہ میں شامل اکثریتی گروپ حزب اللہ کے ساتھ بڑھتے ہوئے اختلافات پر مستعفی ہونے کی دھمکی دی ہے۔
نجیب مکاتی نے لبنان کے ایل بی سی ٹیلی ویژن سے جمعرات کو دیر گئے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کابینہ نے سابق وزیر اعظم رفیق حریری کے قتل کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ ٹربیونل سے اتفاق نہ کیا تو وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔
مسٹر مکاتی نے کہا کہ ان کا استعفیٰ لبنان کو نئی پابندیوں سے بچانے میں مدد گار ثابت ہوسکتا ہے، لیکن دوسری جانب وہ اس ملک کو ایک بار پھر سیاسی بحران کی جانب دھکیل سکتا ہے۔
سابق وزیر اعظم حریری اور 22 دوسرے افراد لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ٹرک میں نصب ایک بم حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
ہیگ میں قائم عالمی عدالت نے قتل کے اس مقدمے کے سلسلے میں حزب اللہ کے چار سرکرہ افراد کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کررکھے ہیں، لیکن ابھی تک ان میں سے کسی ایک کو بھی گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
لبنان میں قائم عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ ان ہلاکتوں میں اپنے کسی بھی عمل دخل سے انکار کرچکی ہے۔