صدر نکولس سرکوزی نے ، فرانس کے دورے پر آئے ہوئے, لیبیا کے حزب اختلاف کے لیڈروں سےہفتے کے روز ملاقات کی۔ لیبیا کی حزب اختلاف کی عبوری قومی کونسل ٹی این سی کا ایک وفد فرانس کی حمایت کرنے کے لیے اس یورپی ملک کے دورے پر ہے۔ جب کہ ایک روز قبل واشنگٹن ان کی مکمل سفارتی حیثیت تسلیم کرتے کرتے رک گیا تھا۔
صدر سرکوزی نے ہفتے کے روز کونسل کے سربراہ محمود جبرائیل سے پیرس میں ملاقات کی۔ابھی تک اس ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
ٹی این سی کے وفد نے جمعے کے روز واشنگٹن میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر ٹام ڈونیلن اور دوسرے عہدے داروں سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے بعد وہائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹی این سی لیبیائی عوام کی قانونی اور قابل بھروسہ آواز ہے ۔ تاہم واشنگٹن نے گروپ کی مکمل سفارتی حیثیت تسلیم نہیں کی جیسا کہ وفد کی خواہش تھی۔
ایک اور خبر کے مطابق ہفتے کے روز لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں دھماکوں کا سلسلہ جاری رہا۔
شہر سے باہر سوگواروں نے 11 افراد کی تدفین میں شرکت کی ، جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ جمعے کے روز نیٹو کے فضائی حملوں میں ہلاک ہوگئے تھے۔ تدفین کے موقع پر مرنے والوں کی یاد میں فائرنگ کی گئی اور اپنی برہمی کے اظہار پر مبنی نعرے لگائے گئے۔
لیبیا کی حکومت کے ایک ترجمان موسیٰ ابراہیم کا کہناہے کہ فضائی حملوں میں مشرقی شہر بریگا میں 11 مقامی باشندے ہلاک ہوگئے۔ نیٹو اتحاد نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ اپنے اہداف کا انتخاب بہت احتیاط سے کرتے ہیں اور انہوں نے جمعے کے روز بریگا میں فوج کے ایک کنٹرول اینڈ کمان سینٹر کو نشانہ بنایا تھا۔
بعد ازاں نیٹو نے کہا کہ وہ حملے میں عام شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق یا اس سے انکار نہیں کرسکتا۔