رسائی کے لنکس

لاہور: سفاری پارک میں شیروں کے حملے میں نوجوان ہلاک


سفاری پارک انتظامیہ کے مطابق 17 سالہ بلال غالباً گھاس کاٹنے کی غرض سے شیروں کے پنجرے کے اندر داخل ہوا تھا جس پر شیروں نے پر حملہ کر دیا۔ (فائل فوٹو)
سفاری پارک انتظامیہ کے مطابق 17 سالہ بلال غالباً گھاس کاٹنے کی غرض سے شیروں کے پنجرے کے اندر داخل ہوا تھا جس پر شیروں نے پر حملہ کر دیا۔ (فائل فوٹو)

صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے رائیونڈ روڈ پر واقع سفاری پارک میں شیروں نے 17 سالہ نوجوان پر حملہ کر کے اُسے مبینہ طور پر ہلاک کر دیا ہے۔

سفاری پارک کی انتظامیہ کے مطابق بلال غالباً گھاس کاٹنے شیروں کے پنجرے کے اندر داخل ہوا تھا جس پر شیروں نے پر حملہ کر دیا۔

پارک انتظامیہ کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص بلال کی کھوپڑی اور کچھ ہڈیاں ملی ہیں جب کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔

سفاری پارک لاہور کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری شفقت نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سفاری پارک کے قریب ہی ایک گاؤں اَٹھو وال ہے جس کے رہائشی بلال پر شیروں نے مبینہ حملہ کیا۔

بلال پر حملے کا واقعہ چوبیس فروری کی شب پیش آیا تھا۔

قریبی گاؤں کے لوگ اپنے مویشیوں کے لیے گھاس کاٹتے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بلال بھی گھاس کاٹنے کی غرض سے سفاری پارک کی آہنی دیوار پھلانگ کر داخل ہوا تھا۔

چوہدری شفقت کے مطابق سفاری پارک میں شیروں سمیت تمام جانوروں کے ارد گرد لمبی اور بھاری لوہے کی جالیاں لگائی گئی ہیں جنہیں کوئی بھی آسانی سے پھلانگ نہیں سکتا۔

اُن کے بقول، پیر کی شب بلال کے اہلِ خانہ اپنے بچے کو تلاش کرتے ہوئے سفاری پارک آئے جہاں انہیں بلال کے پھٹے ہوئے کپڑے ملے جس کے بعد سفاری پارک میں بلال کی تلاش شروع کی گئی۔

بلال شیروں کے پنجرے میں کیسے داخل ہوا؟

چوہدری شفقت نے بتایا کہ پارک کے عملے نے شیروں کو پنجرے میں بند کر کے بلال کی تلاش شروع کی تو پنجرے سے کچھ ہی دوری پر بلال کے جسم کے کچھ حصے ملے جس کے فوری بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) لاہور سید غضنفر کے مطابق واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔ تاہم فوری طور پر یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ بلال شیروں کے پنجرے کے اندر کیسے داخل ہوا۔

ایس پی لاہور نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے۔ بلال کا قتل ہوا یا نہیں، اُسے شیر نے کھایا یا نہیں اور نوجوان بلال کی لاش ہے بھی یا نہیں، ان تین پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بلال کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے کمشنر لاہور ڈویژن اور سیکرٹری وائلڈ لائف سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG