رسائی کے لنکس

میکخواں، پوٹن پہلی ملاقات میں ’’روسی پروپیگنڈہ‘‘، شام زیرِ بحث


فرانسیسی صدر نے ’رشیا ٹوڈے‘ ٹیلی ویژن اور ’اسپیوٹنک‘ ملٹی میڈیا کو ’’پروپیگنڈہ‘‘ کے ہتھکنڈے قرار دیا ہے۔ میکخواں کی انتخابی مہم کے خلاف ہونے والے مبینہ سائبر حملوں کا تعلق بھی روس ہی سے جوڑا جاتا ہے

روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے اپنی پہلی بالمشافیٰ ملاقات کے بعد نئے فرانسیسی صدر ایمینوئل میکخواں نے ’رشیا ٹوڈے‘ ٹیلی ویژن اور ’اسپیوٹنک‘ ملٹی میڈیا کو ’’پروپیگنڈہ‘‘ کے ہتھکنڈے قرار دیا ہے۔

میکخواں نے ابلاغ کے اِن اداروں کو اس سال ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوران اُن کے خلاف ہونے والی پروپیگنڈہ کے ہتھکنڈے قرار دیا، جس دوران، پوٹن نے میکخواں کی انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی مدِ مقابل امیدوار ماری لاپین کی حمایت کی۔

میکخواں کی انتخابی مہم کے خلاف ہونے والے مبینہ سائبر حملوں کا تعلق بھی روس ہی سے جوڑا جاتا ہے۔

پوٹن نے پیر کے روز ورسیلز کے محل میں منعقدہ اخباری کانفرنس کے دوران اِن الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ روس نے فرانسیسی ووٹنگ پر اثرانداز ہونے کی کوشش نہیں کی، حالانکہ اُنھوں نے لاپین کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا دفاع نہیں کیا۔

میکخواں نے بتایا کہ دونوں نے چیچنیا میں ہم جنس پرستوں کے حقوق کے بارے میں گفتگو کی۔

میکخواں نے کہا کہ ’’صدر پوٹن نے مجھے بتایا کہ اُنھوں نے چیچنیا میں ’ ایل جی بی ٹی‘ افراد کے موضوع پر متعدد اقدامات پر بات کی، تاکہ مقامی حکام کے ساتھ اصل معاملات پر سلسلہ جنبانی قائم ہو سکے‘‘۔

یوکرین کے موضوع پر، پوٹن نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ مغربی تعزیرات تنازع کے حل میں کارگر نہیں ہو سکتیں۔

اُنھوں نے اخباری کانفرنس میں بتایا کہ تعزیرات ’’کسی طور پر مؤثر جواب نہیں۔ آئیے عالمی معیشت پر لگنے والی تعزیرات کو ہٹانے کے لیے ہم مل کر کام کریں‘‘۔ روس کی جانب سے یوکرین میں مداخلت کے جواب میں مغرب کے تعزیراتی اقدام کے حوالے سے فرانس نے ہمیشہ ایک متحرک کردار ادا کیا ہے۔

دنیا بھر میں دہشت گردی کے انسداد کے حوالے سے دونوں سربراہان نے مل کر کام کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا۔ پوٹن نے کہا کہ میکخواں نے سرکاری وفود کے تبادلے کی تجویز پیش کی، تاکہ باہمی مذاکرات کے دوران مدد مل سکے۔


میکخواں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ شام میں امن لانے کے سلسلے میں دونوں ملک مل کر کام کر سکتے ہیں۔ لیکن، اس جنگ کے شکار ملک میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال فرانس کے لیے ’سرخ لکیر‘ ایک ’حد فاصل‘ ہوگی۔

XS
SM
MD
LG