رسائی کے لنکس

امریکہ: دارالحکومت سمیت متعدد ریاستوں میں شدید برفباری، اسکول اور سرکاری دفاتر بند ہو گئے


نیو یارک کے شہر بروکلین میں ایک خاتون برف سے ڈھکی ایک سڑک سے پیدل گزر رہی ہے ، فوٹو اے ایف پی 6 جنوری 2025
نیو یارک کے شہر بروکلین میں ایک خاتون برف سے ڈھکی ایک سڑک سے پیدل گزر رہی ہے ، فوٹو اے ایف پی 6 جنوری 2025
  • امریکہ شدید برفباری کی لپیٹ میں، سفری حالات خطرناک ہو گئے ۔ زیادہ تر اسکول اور دفاتر بند۔
  • کنساس، مغربی نیبراسکا اور انڈیانا کے کچھ حصوں میں برف نے بڑی سڑکوں کو ڈھانپ دیا ہے۔
  • ورجینیا، انڈیانا، کنساس اور کینٹکی میں سینکڑوں کار حادثات کی اطلاع ملی ۔
  • کینٹکی، انڈیانا، ورجینیا، ویسٹ ورجینیا، الی نوئے اور میزوری میں پیر کی صبح تقریباً تیس ہزار صارفین بجلی سے محروم تھے۔

امریکہ میں برفباری ، ہواؤں اور شدید سردی کے باعث پیر کے روز وسطی اور جنوبی رہاستوٕں سے لے کرمشرقی ساحلی علاقے تک میں سفر کے لیے حالات خطرناک ہو گئے ہیں اور متعدد ریاستوں میں اسکول اور دفاتر بند کر دئے گئے ہیں۔

کنساس، مغربی نیبراسکا اور انڈیانا کے کچھ حصوں میں برف نے بڑی سڑکوں کو ڈھانپ دیا ہے، جہاں ریاستوں کے نیشنل گارڈز کو پھنسے ہوئے ڈرائیورز کی مدد کے لیے متعین کیا گیا ۔ بجلی کے استعمال کا جائزہ لینے والی ویب سائٹ ، الیکٹرک یوٹیلیٹی ٹریکنگ PowerOutage.us کے مطابق، کینٹکی، انڈیانا، ورجینیا، ویسٹ ورجینیا، الی نوئے اور میزوری میں پیر کی صبح تقریباً تیس ہزار صارفین بجلی سے محروم تھے۔

امریکی کانگریس کی عمارت کے سامنے برفباری کامنظر ، فوٹورائٹرز 6 جنوری 2025
امریکی کانگریس کی عمارت کے سامنے برفباری کامنظر ، فوٹورائٹرز 6 جنوری 2025

موسمیات کے قومی مرکز نے کنساس اور میزوری کے لیے موسم سرما کے طوفان کی وارننگ جاری کی، جہاں برفانی طوفان اپنے ساتھ 45 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں لے کر آئے۔ نیو جرسی کے لیے بھی پیر اور منگل کی صبح کے لیے یہ وارننگ جاری کی گئی ہے ۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ، "اس خطے کے ان مقامات کے لیے جہاں سب سے زیادہ برف باری ہوتی ہے، یہ کم از کم ایک عشرے میں سب سے زیادہ برف باری ہو سکتی ہے۔"

واشنگٹن ڈی سی میں برفباری، فوٹو اے ایف پی 6 جنوری 2025
واشنگٹن ڈی سی میں برفباری، فوٹو اے ایف پی 6 جنوری 2025

کلاسز منسوخ کر دی گئیں۔

پیر کے روز زیادہ تر اسکول بند ہو گئے ۔ انڈیانا، ورجینیا، کینٹکی، میزوری اور کنساس کے ڈسٹرکٹس نے اتوار کی سہ پہر کو کلاسز کی منسوخی اور تاخیر کا اعلان کرنا شروع کر دیا۔ کینٹکی کے جیفرسن کاؤنٹی پبلک اسکولز نے اپنے تقریباً ایک لاکھ طلباء کے لیے کلاسز، غیر نصابی سرگرمیاں اور ایتھلیٹکس کو منسوخ کردیا

میری لینڈ میں بھی کلاسیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جہاں گورنر ویس مور نے اتوار کو ہنگامی حالت کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ریاستی حکومت پیر کو بند رہے گی۔

مور نے ایک بیان میں کہا ،"میری لینڈ کے شہریوں کو محفوظ رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ براہ کرم اس طوفان کے دوران سڑکوں سے دور رہیں۔ اپنے گھر اور خاندان کو تیار کریں اور بجلی چلے جانے کی صورت میں اپنے مواصلاتی آلات کو چارج کرکے رکھیں ۔"

ریاست میری لینڈ کے علاقے بتھیسڈا میں برفباری کا ایک منظر فوٹو اے ایف پی 6 جنوری 2025
ریاست میری لینڈ کے علاقے بتھیسڈا میں برفباری کا ایک منظر فوٹو اے ایف پی 6 جنوری 2025

کار حادثات

حکام نے بتایا کہ اختتام ہفتہ ، میزوری میں کم از کم 600 کار ڈرائیورز سڑکوں پر پھنسے ہوئے تھے۔ ورجینیا، انڈیانا، کنساس اور کینٹکی میں سینکڑوں کار حادثات کی اطلاع ملی ہے ۔

کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے ریاست میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے یہ اعلان بھی کیا کہ سرکاری عمارتیں پیر کو بند رہیں گی۔

بیشیر نے کہا، "ہم ان لوگوں کے لیے وہاں بہت زیادہ تباہی دیکھ رہے ہیں جن کے لیے سڑکوں پر موجود ہونا ضروری نہیں ہے، اس لیے میں انہیں گھر میں ہی رہنے کی ہدایت کروں گا۔‘‘

امریکی ریاست کینٹکی کے علاقے فلورینس میں شدید برفباری ، فوٹو اے پی 6 جنوری 2025
امریکی ریاست کینٹکی کے علاقے فلورینس میں شدید برفباری ، فوٹو اے پی 6 جنوری 2025

ریاستی ٹرانسپورٹیشن کابینہ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا۔ سڑکوں کا عملہ رات بھر ڈیوٹی پر رہا اور پیر کی صبح تک کام کر رہا تھا ، لیکن ایجنسی نے خبردار کیا کہ برف سڑکوں پر ایک مسئلہ ہے، خاص طور پر وسطی ریاست اور شمال کی طرف جہاں زیادہ برف ہے۔

ورجینیا اسٹیٹ پولیس کو اتوار کی شام چار بجے سے پیر کی صبح 4 بجے کے درمیان ریاست بھر میں کم از کم 230 حادثات کی اطلاع ملی ، جن میں 20 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ ایک حادثہ جان لیوا تھا، لیکن یہ واضح نہیں تھا کہ آیا یہ طوفان سے متعلق تھا۔ چارلسٹن، ویسٹ ورجینیا میں، جہاں اتوار کی رات تک کئی انچ برف پڑ چکی تھی، حکام نے گاڑی چلانے والوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی۔

میری لینڈ میں انٹراسٹیٹ 495 پر برفباری کے دوران ٹریفک کا ایک منظر، فوٹو اے ایف پی ۔6 جنوری 2025
میری لینڈ میں انٹراسٹیٹ 495 پر برفباری کے دوران ٹریفک کا ایک منظر، فوٹو اے ایف پی ۔6 جنوری 2025

فضائی اور ریل کا سفر بھی متاثر ہوا۔

طوفانوں نے ملک کی ریلوے سروس کو بھی بری طرح متاثرکیا۔ اتوار کو 20 سے زیادہ سروسز اور پیر کے لیے مجوزہ 40 سے زیادہ اور منگل کے لیے دو مجوزہ سروسز مسنوخ کر دی گئیں۔ پروازوں کے ٹریکنگ پلیٹ فارم FlightAware کے مطابق، پیر کی صبح ملک بھر میں 1,400 سے زیادہ پروازیں منسوخ اور مزید 740 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ رونلڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر آنے والی لگ بھگ 46 فیصد اور روانگی کی تقریباً 46 سے 59 فیصد فلائٹس کی منسوخی کی اطلاع دی گئی ہے ۔

برفباری او ر پیش گوئیاں

نیشنل ویدر سروس میں ، ریاست مین کے ماہر موسمیات ، جون پامر کا کہنا ہے کہ پیر سے امریکہ کے مشرقی حصے کے دو تہائی علاقے میں خطرناک حد تک شدید سردی اور سرد ہوائیں چلیں گی ۔ درجہ حرارت نارمل کے مقابلے میں 12سے 25ڈگری (7 سے 14 ڈگری سیلسیس ) تک گر سکتا ہے ۔

وائٹ ہاؤس کے ایک ڈرائیو وے سے کارکن برف ہٹارہے ہیں، فوٹو اے ایف پی 6 جنوری 2025
وائٹ ہاؤس کے ایک ڈرائیو وے سے کارکن برف ہٹارہے ہیں، فوٹو اے ایف پی 6 جنوری 2025

ان کا کہنا تھا کہ شمال مشرقی ریاستوں میں کئی دن تک سردی پڑنے کا امکان زیادہ ہے ۔ مشرقی امریکہ میں سرد ہوائیں جنوب میں جارجیا تک کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گی اور مشرقی ساحلی علاقوں میں امکان ہے کہ سرد ہوائیں زیادہ چلیں گی اور درجہ حرارت میں سنگل ڈیجٹ کی کم ترین سطح کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انڈیانا میں، انٹراسٹیٹ 64، انٹراسٹیٹ 69 اور یو ایس روٹ 41 کے کچھ حصوں کو برف نے مکمل طور پر ڈھانپ دیا ہے، جس سے انڈیانا اسٹیٹ پولیس نے گاڑی چلانے والوں سے سڑکوں سے دور رہنے کی درخواست کی ہے

امریکی کانگریس کی عمارت کے سامنے سے کارکن برف ہٹارہے ہیں ، فوٹو اے ایف پی 6 جنوری 2025
امریکی کانگریس کی عمارت کے سامنے سے کارکن برف ہٹارہے ہیں ، فوٹو اے ایف پی 6 جنوری 2025

سارجنٹ۔ ٹوڈ رنگل نے کہا "اتنی سخت برف باری ہو رہی ہے، برف ہٹانے والا ٹرک ایک بار سڑک سے برف صاف کرتا ہے تو آدھے گھنٹے میں سڑکیں پھر سے مکمل طور پر ڈھک جاتی ہیں،" ۔

ویدر سروس کے مطابق کنساس کے علاقے ٹوپیکا، میں اتوار کی رات 8 بجے کے قریب 14.5 انچ (36.8 سینٹی میٹر) برف پڑی

کنساس سٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتوار کے روز 11 انچ (28 سینٹی میٹر) کی ریکارڈ برف باری ہوئی، جس نے 1962 میں قائم کردہ 10.1 انچ (26 سینٹی میٹر) کے دن کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا،

میزوری کے کینساس سٹی میں محکمہ موسمیات کے مطابق۔ کینٹکی کے لوئی ول میں اتوار کو 7.7 انچ (19.5 سینٹی میٹر) برف ریکارڈ کی گئی ، جو اس تاریخ کے لیے ایک نیا ریکارڈ ہے جس سے 1910 میں قائم کیے گئے 3 انچ (7.6 سینٹی میٹر) کا پچھلا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG