ملائیشیا کے اس شخص کو ، جس نے پری اسکول کے 30 بچوں اور ان کے ٹیچرز کو یرغمال بنایاتھا، جمعرات کے روز پولیس نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔
جنوبی ریاست جوہورمیں واقع ا یک پری اسکول پر ہتھوڑا اور چاقو کے ساتھ قبضہ کرنے والے 40 سالہ شخص کو پولیس نے اس واقعہ کے کئی گھنٹوں کے بعد گولی ماردی۔
پولیس نے اسے ہتھیار ڈالنے پر راضی کرنے کے لیے چھ گھنٹوں تک مذاکرات کیے اور ناکامی کے بعد عمارت پر دھاوا بول کر اسے ہلاک کردیا۔
40 سالہ شخص ، جس کے بارے میں خیال ہے کہ اس کا دماغی توازن درست نہیں تھا، گولی لگنے کے کئی گھنٹے کے بعد ہلاک ہوگیا۔
پولیس کا کہناہے کہ تمام 30 بچوں اور ان کے چار ٹیچرز کو کوئی گزند پہنچے بغیر آزاد کرا لیا گیا۔