رسائی کے لنکس

لاپتہ طیارہ : اسٹیورڈ کے گھر بچے کی ولادت


تصویر میں بچہ ایک کمبل میں لپٹا ہوا ہے۔ یہ ننھا بچہ جو کبھی اپنے والد کو نہیں دیکھ سکے گا۔ لیکن، اسے اس کی ماں نےاس کے والد کا نام دیا ہے

لاپتہ ہونے والے ملائیشیا ائیرلائینز کے طیارے پر سوار بد قسمت مسافروں کے انتظار اور سوگ کی کیفیت سے دوچار لواحقین کی فہرست میں طیارے کےاسٹیورڈ محمد ہازین حسنین کی اہلیہ انتان میزوراعثمان کا نام بھی شامل ہے جو اس ناقابل فراموش حادثے کے وقت حاملہ تھیں۔ طیارہ اسٹیورڈ کی اہلیہ نے گمشدگی کے 73 دنوں بعد ایک لڑکے کو جنم دیا ہے لیکن خوشی کی اس گھڑی میں ان کے سرہانے ہمت بندھانے کے لیے ان کے شوہر موجود نہیں ہیں۔
یہ آٹھ مارچ بروز ہفتے کا دن تھا ملائشین ائیر لائینزکا ایم ایچ تین سو ستر طیارہ بیجنگ کی جانب محو پرواز تھا کہ اچانک اس کا رابطہ سول ایوی ایشن کے ساتھ منقطع ہوگیا۔ پھراس طیارے کو زمین نے نگل لیا یا آسمان کھا گیا، گمشدہ طیارہ تاحال ایک معمہ ہے۔ اس واقعہ کو ایوی ایشن کی تاریخ کا ایک عجیب واقعہ قرار دیا جارہا ہے۔
اسٹیورڈ حسنین کی اہلیہ انتان خود بھی ملائشین ائیر لائن میں فلائٹ اٹینڈنٹ کے فرائض انجام دیتی ہیں۔انھوں نے فیس بک پر نومولود کی تصویر جاری کی ہے۔

بچے کو انھوں نے محمد ہازین کا نام دیا ہے تصویر میں بچہ ایک کمبل میں لپٹا ہوا ہے یہ ننھا بچہ جو کبھی اپنے والد کو نہیں دیکھ سکے گا لیکن اسے اس کی ماں نے اس کے والد کا نام دیا ہے۔
اخبار 'اسٹریٹس ٹائمز' کی رپورٹ کے مطابق، بچے کی پیدائش پیر کے شام چار بجے ہوئی مسسز عثمان نے بتایا کہ بچے کا نام ان کے شوہر کی خواہش پر محمد رکھا ہے اور انھیں امید ہے کہ نومولود کی تصویر لاپتہ بوئنگ طیارے پر سوار پیاروں کے نقصان پر ماتم کرنے والوں کے لیے شاید خوشی کا ایک لمحہ ثابت ہو سکے۔
فیس بک کے پوسٹ پر لکھتی ہیں کہ 'مجھے آج اس حقیقت کے ساتھ ایک بایونک عورت کا کردار ادا کرنا پڑے گا۔ آہستہ آہستہ میں نے اپنی چار سالہ بیٹی امام کو بتانا شروع کیا ہےاس نے اپنا والد کھو دیا ہے اور وہ کبھی گھر واپس نہیں لوٹ سکیں گے میری جدوجہد کو آگے بڑھانے کے لیے محمد ایک ستون بن کر میری زندگی میں آیا ہے۔ انشا اللہ، میری محبت امام اور محمد کو کسی کمی کا احساس نہیں ہونے دے گی میری محبت آپ کے ساتھ ہمیشہ رہے گی۔'
فیس بک پر بچے کی تصویر جاری ہونے کے بع دسے رمسسز عثمان کو دنیا بھر سے مبارکبادیں موصول ہوئی ہیں۔ اوران کے ذاتی فیس بک پیج پر 60 ہزار سے زائد لوگوں نے بچے کی تصویر کو لائک کیا ہے، جبکہ ایک خیر خواہ نے اپنی دعا میں لکھا کہ پیارے محمد خوش آمدید، دکھوں کی گھڑی میں تم اپنے ماں کے دکھوں کے لیے اس کے دل کی طمانیت بننا اور اس کے غموں میں اس کے ساتھ دوست بننا۔
یاد رہے کہ گمشدہ طیارے کے لیے سمندر میں گرنے، ملبہ ملنے، راستہ بھٹکنے اور فضا میں تباہ ہونے سے متعلق متضاد دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔ لیکن، اب تک ان کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

XS
SM
MD
LG