ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے ایڈیشن کا آغاز 2007 میں جنوبی افریقہ میں ہوا تو بہت کم لوگوں کو اُمید تھی کہ فائنل میں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ہو گا۔ لیکن ایسا ہوا اور فائنل بھی ایسا ہوا جس نے سرحد کے دونوں جانب کروڑوں شائقینِ کرکٹ کے دلوں کی دھڑکنیں بھی تیز کیے رکھیں۔
سن 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سمیت اس فارمیٹ میں کھیلے گئے اب تک کے سات ایڈیشنز میں کچھ میچز کے سنسنی خیز لمحات آج بھی کرکٹ شائقین کے ذہنوں پر نقش ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایسے لمحات کا جائزہ لیتے ہیں جس نے کروڑوں دل توڑے تو وہیں کئی شائقین کے لیے وہ لمحات ایک خوش گوار یاد کی صورت میں آج بھی تازہ ہیں۔
جوگیندر شرما کا آخری اوور اور مصباح الحق کی پیڈل سوئپ
یہ 24 ستمبر 2007 کا دن تھا اور جوہانسبرگ کا گراؤنڈ پاکستان اور بھارتی شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ کرکٹ کی دنیا کے دو روایتی حریف آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے فائنل میں مدِ مقابل تھے۔
بھارت نے پاکستان کو میچ جتینے کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا تھا۔ گرین شرٹس نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو وقفے وقفے سے گرتی وکٹوں کے باعث پاکستان کے لیے ہدف کوسوں دُور دکھائی دینے لگا۔ ایسے میں 'مردِ بحران' کہلائے جانے والے مصباح الحق کریز پر آئے اور پھر جو کچھ ہوا وہ تاریخ کے اوراق میں رقم ہو چکا ہے۔
مصباح الحق پاکستان کو جیت کے اتنا قریب لے آئے کہ ایک موقع پر بھارتی شائقین بھی مایوس ہو گئے اور ڈگ آؤٹ پر بیٹھے پاکستانی کوچ جیف لاسن اور کپتان شعیب ملک کو کامیابی بہت قریب نظر آنے لگی۔
پاکستان کو آخری اوور میں 13 رنز درکار تھے۔جوگیندر شرما کی پہلی گیند وائیڈ ہوئی اور دوسری پر کوئی رن نہیں بنا لیکن پھر مصباح الحق نے سامنے کی جانب ایک زوردار چھکا مارا اور پاکستان کی اُمیدوں کے چراغ روشن ہو گئے۔ اب پاکستان کو محض چار گیندوں پر چھ رنز درکار تھے اور ایک میڈیم پیسر بالر اور مصباح کی فارم دیکھتے ہوئے، پاکستان کی جیت کے امکانات روشن تھے۔
لیکن پھر مصباح الحق نے ایک ایسی شاٹ کھیلنے کا فیصلہ کیا جس کی وہ 15 برس گزرنے کے باوجود آج بھی وضاحتیں دے رہے ہیں۔ جوگیندر شرما کی آف اسٹمپ پر گرنے والی گیند پر مصباح الحق نے اُن کے بقول اُن کی سب سے پسندیدہ شاٹ پیڈل سوئپ کھیلنے کا فیصلہ کیا، گیند ہوا میں اُچھلی تو ایک لمحے کے لیے ایسا لگا کہ گیند باؤنڈری کے پار جا کر گرے گی، لیکن ایسا نہ ہو سکا اور گیند فائن لیگ پر کھڑے شری شانت کے ہاتھوں میں گئی اور یوں بھارت ورلڈ کپ جیت گیا۔
بس پھر کیا تھا، بھارت کے ڈگ آؤٹ میں بیٹھے کھلاڑی دوڑتے ہوئے پچ پر آئے اور جوگیندر شرما کو کندھے پر اُٹھا لیا اور وہیں گراوؑنڈ میں مصباح الحق گھٹنے ٹیکے حسرت و یاس کی تصویر بن گئے۔ پاکستان کے ڈگ آؤٹ پر تو جیسے سکتہ طاری ہو گیا اور یہی صورتِ حال ٹی وی اسکرینز سے جڑے کروڑوں پاکستانی فینز کی بھی تھی۔
مائیکل ہسی کے تین چھکے
پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے 2007 کے ورلڈ کپ فائنل کی تلخ یادوں پر 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت کر مرہم رکھا۔ لیکن اس کے محض 10 ماہ بعد ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی ایک ایسا موقع آیا جس کی تلخ یادیں آج بھی پاکستانی فینز کے دلوں پر نقش ہیں۔
یہ 14 مئی 2010 کا دن تھا اور دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کامران اکمل اور عمر اکمل کی جارحاںہ نصف سینچریوں کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے 192 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اننگز میں اُتار چڑھاؤ آتا رہا اور اننگز کے آخری اوور میں اسے 18 رنز درکار تھے اور مائیکل ہسی اور مچل جانسن کریز پر موجود تھے۔
بہت کم لوگوں کو اُمید تھی کہ مائیکل ہسی سعید اجمل کی گھومتی گیندوں کا مقابلہ کر پائیں گے، لیکن اس اوور میں جو کچھ ہوا اس کی بہت کم لوگوں کو اُمید تھی۔
اوور کی پہلے گیند پر مچل جانسن نے سنگل لے کر اسٹرائیک مائیکل ہسی کے حوالے کر دی جنہوں نے دوسری گیند پر سعید اجمل کو چھکا جڑ دیا اور پھر تیسری گیند پر بھی ایسا ہوا۔ ایسے میں وکٹوں کے پیچھے کامران اکمل کے چلانے کی آواز آئی، کم آن سعید۔۔۔۔لیکن چوتھی گیند پر بھی ہسی نے چوکا مار کر آسٹریلیا کو فتح کے بہت قریب کر دیا۔
سعید اجمل کی پانچویں گیند پر بھی ہسی نے چھکا لگا کر آسٹریلیا کو فائنل میں پہنچا دیا اور یوں ناک آؤٹ مرحلوں میں آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کی ایک اور شکست کا اضافہ ہو گیا۔
جب ویسٹ انڈین بلے بازوں نے بھارت اور انگلینڈ کو حیران کیا
بھارت میں 2016 میں کھیلے جانے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز کے لیے یادگار تھا تو وہیں انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے لیے یہ ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔
ناک آؤٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بھارت کو حیران کیا تو پھر فائنل میں کارلوس بریتھ ویٹ کے چار چھکوں نے انگلینڈ کے خواب چکنا چور کر دیے۔
پہلے بات کرتے ہیں ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل کی جس میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 193 رنز کا ہدف دیا۔ 13 اوورز میں ویسٹ انڈیز نے 113 رنز بنائے تھے اور اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔
ایسے میں لینڈی سمنز اور آندرے رسل نے وکٹ کے چاروں جانب شان دار اسٹروکس کھیلتے ہوئے، شائقین سے بھرے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سناٹا طاری کر دیا۔
ویسٹ انڈیز نے دو گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کر کے فائنل تک رسائی حاصل کر لی، جہاں ایک اور یادگار میچ شائقین کا منتظر تھا۔
ایڈن گارڈن کولکتہ میں کھیلے گئے اس فائنل میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لیے 156 رنز کا ہدف دیا۔
میچ کے آخری اوور میں ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لیے 19 رنز درکار تھے۔ ویسٹ انڈین بلے باز کارلوس بریتھ ویٹ کا سامنا انگلینڈ کے مستند بالر بین اسٹوکس سے تھا۔
بریتھ ویٹ اس میچ میں الگ ہی موڈ میں تھے، بین اسٹوکس کی پاؤں میں گری گیند کو اُنہوں نے اُٹھا کر اسکوائر لیگ بانڈری کے پار پھینک دیا۔ پھر دوسری، تیسری اور چوتھی گیند پر بھی ایسا ہی ہوا اور ویسٹ انڈیز نے دو گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا۔
بین اسٹوکس کی گھنٹوں کے بل بیٹھے آنکھوں پر ہاتھ رکھے اور دوسری جانب کارلوس بریتھ ویٹ کے جشن کی تصاویر کرکٹ شائقین کو آج بھی یاد ہیں۔
حسن علی کا وہ ڈراپ کیچ اور میتھیو ویڈ
گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہنے والی پاکستانی ٹیم کے سامنے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی ٹیم آئی تو ناک آؤٹ مرحلوں میں آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے خدشات منڈلانے لگے۔
لیکن پاکستانی ٹیم کی فارم دیکھتے ہوئے بہت کم پاکستانی شائقین کو توقع تھی کہ پاکستان یہ میچ ہار جائے گا۔ لیکن 2010 کے سیمی فائنل کا ایکش ری پلے ہوا، لیکن صرف کردار بدل گئے۔
سعید اجمل کی جگہ گیند اس بار شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھ میں تھی جب کہ بیٹ آسٹریلوی وکٹ کیپر بلے باز میتھیو ویڈ کے ہاتھ میں تھا۔
گیارہ نومبر کو دبئی میں پاکستانی پرچموں کی بھرمار تھی اور ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی کی اُمیدیں روشن تھیں۔
پاکستان نے جیت کے لیے آسٹریلیا کو 177 رنز کا ہدف دیا اور پھر محض 96 رنز پر پانچ آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی تو پاکستان کی فتح نوشتہ دیوار دکھائی دے رہی تھی۔ لیکن پھر وہی ہوا جس کے خدشات کچھ پاکستانیوں کے دلوں میں تھے۔
آخری دو اوورز میں آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے 22 رنز درکار تھے۔ کپتان بابر اعظم نے 19 ویں اوور کے لیے گیند شاہین کو تھمائی جن کی دوسری ہی گیند پر ویڈ نے اسکوائر لیگ کی جانب ایک ہوائی شاٹ کھیلا، گیند اُصولی طور پر حسن علی کے ہاتھوں میں جانی چاہیے تھی، لیکن وہ اسے تھام نہ سکے اور آسٹریلیا کو دو رنز اور ویڈ کو دوبارہ اسٹرائیک مل گیا۔
ویڈ نے شاہین شاہ آفریدی کی اگلی تین گیندوں پر تین چھکے لگا کر ایک مرتبہ پھر پاکستانی شائقین کے دل توڑ دیے اور ورلڈ کپ 2010 کی ناخوش گوار یادیں، پھر تازہ ہو گئیں۔
آسٹریلیا میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں ہونے والے اپ سیٹ اور دو مرتبہ کی ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کے باہر ہونے پر شائقین کرکٹ اس ورلڈ کپ میں بھی سنسنی خیز مقابلوں کی توقع کر رہے ہیں۔