رسائی کے لنکس

مس اسپین نئی 'حسینہ عالم' بن گئیں


مقابلے کی روایت کےمطابق مس لالہ غونا رویو کو حسینہ عالم کا تاج سابق حسینہ عالم مس جنوبی افریقہ رولین اسٹرؤس نے اپنے ہاتھوں سے پہنایا۔

اسپین کی حسینہ میریا لالہ غونا رویو نئی 'حسینہ عالم 'بن گئی ہیں۔ انھوں نے عالمی مقابلہ حسن میں شریک 114 مد مقابل حسیناؤں کو مات دینے کے بعد 'مس ورلڈ 2015' کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

ہفتے کے روز جنوبی چین کے شہر سانیا میں منعقد ہونے والی عالمی مقابلہ حسن کی تقریب میں مس ورلڈ کا انتخاب ٹاپ فائیو حیسناؤں میں سے کیا گیا، جن میں سے قرعہ فال اسپین کی حسینہ میریا لالہ غونا رویو کےنام نکلا ۔

مقابلے کی روایت کےمطابق مس لالہ غونا رویو کو حسینہ عالم کا تاج سابق حسینہ عالم مس جنوبی افریقہ رولین اسٹرؤس نے اپنے ہاتھوں سے پہنایا۔

مس ورلڈ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے،جب مس اسپین نے حسینہ عالم کا ٹائٹل جیتا ہے ۔

مس ورلڈ کے 47 واں ایڈیشن کی پہلی رنر اپ حسینہ کا خطاب روس کی حسینہ صوفیہ نکیتچوک نے جیتا اور دوسری رنر اپ کی حقدار انڈونیشیا کی حسینہ مس ماریا ہرفانتی قرار پائیں۔

جبکہ ٹاپ فائیو حسیناؤں میں سے چوتھی پوزیشن پر مس لبنان فالیری ابو شکرا اور مس جمیکا رہیں ۔

تین گھنٹوں تک جاری رہنے والی تقریب سانیا میں 'بیوٹی کراؤن گرینڈ ٹری ہوٹل' میں منعقد ہوئی۔ اس سال کے فائنل مقابلے کو دنیا بھر میں تقریبا ایک ارب ناظرین نے ٹی وی پر دیکھا ۔

تقریب کی میزبانی کے فرائض ٹم ونسٹ اور انجیلا چاؤ اور 2013 کی مس ورلڈ میگن ینگ نے ادا کئے ۔

مس ورلڈ کا خطاب جیتنے والی مس اسپین لالہ غونا رویو نے اس مقابلے میں ٹاپ ماڈل کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

ٹاپ 'ملٹی میڈیا حسینہ' کے طور پر مس فلپائن کا انتخاب کیا گیا ان کے علاوہ 'بیوٹی ود پرپس 'کے لیے مس انڈونیشیا ،'مس ٹیلنٹ' کے لیے مس گیانا اور 'پیپلز چوائس ایواڈ 'کی حقدار مس ویت نام کو قرار دیا گیا، جب کہ 'مس اسپورٹس' کا خطاب مس نیمیبیا نے حاصل کیا ۔

آخری مرحلے میں ججزکی طرف سے پوچھے جانے والے پانچ سوالوں کے دوران یہ واضح ہو گیا تھا کہ مس اسپین حسینہ عالم کی حقدار ہو سکتی ہیں۔ انھوں نے انتہائی پر اعتماد لہجے کے ساتھ ججز کو اپنی ذہانت سے متاثر کیا۔

ملکہ حسن لالہ غونا رویو نے جیتنے کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ''یہ ایک اچھا فیصلہ ہے کیونکہ وہ صرف ہماری خوبصورتی کو دیکھنا نہیں چاہتے ہیں بلکہ ہماری روح کو تلاش کرتے ہیں''۔

23سالہ ملکہ حسن لالہ غونا رویو فارمیسی میں ڈگری حاصل کی ہے ۔ وہ غذائیت میں ماسٹر کی ڈگری لینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ انھوں نے پیانو بجانے کی تربیت حاصل کر رکھی ہے جبکہ وہ مستقبل میں کاروبار کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

حسب روایت مس ورلڈ لالہ غونا رویو اپنی جیت کا سال لندن میں گزاریں گی اور مس ورلڈ تنظیم کی ایک سفیر کی حیثیت سے دنیا کا دورہ کریں گی۔

حسینہ عالم کے لیے زیادہ دعویدار حیسیناؤں کے طور پر پسند کی جانے والی حیسینائیں مس ویلز اور مس انگلینڈ نتاشا ہمنگس اور مس انڈیا آدیتی آریا فائنل مقابلے میں ٹاپ 20 میں جگہ بنانے میں ناکام رہیں ۔

اسی طرح اس مقابلے کی اہم دعویدار سمجھی جانے والی لبنانی حسینہ فالیری ابو شکرا ٹاپ فائیو میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو سکیں ۔تاہم فائنل مرحلے میں وہ ججز کو متاثر کرنے میں ناکام رہیں ۔

مس ورلڈ کی ویب سائٹ کے مطابق، فائنل مقابلے سے پہلے مس ورلڈ میں حصہ لینے والی حسیناؤں کا چھ مختلف چیلنجز اور تقریبات میں حصہ لینا ضروری ہے۔

مس ورلڈ مقابلےکا بیچ فیشن، بیوٹی ود پرپز، ملٹی میڈیا، اسپورٹس اینڈ فٹنس، ٹیلنٹ اور ٹاپ ماڈل کے مراحل میں ٹاپ اسکور حاصل کرنے والی حسیناؤں کو جج صاحبان مس ورلڈ کا تاج جیتنے کا موقع فراہم کرتے ہیں

فائنلسٹ منتخب ہونے والی حسیناؤں کے حاصل کردہ نمبروں کی گنتی فائنل راونڈ مکمل ہونے کے بعد کی جاتی ہے اور ان نمبروں میں آخری مرحلے کا سکور شامل کرنے کے بعد ،سب سے زیادہ اسکور حاصل کرنے والی حسینہ کو حسینہ عالم قرار دیا جاتا ہے۔

مس ورلڈ مقابلے کی عمومی شرائط کے مطابق، مقابلے میں شرکت کے لیے خواہشمند حسیناؤں کے پاس ان کے ملک کا نشنل بیوٹی اعزاز ہونا ضروری ہے۔

XS
SM
MD
LG