رسائی کے لنکس

پروازوں کی مںسوخی: مراکش کے ہزاروں شائقین اپنی ٹیم کا میچ دیکھنے قطر نہیں جا سکے


مراکش کی ٹیم کی تاریخی کامیابی پر شائقین کا جشن۔فائل فوٹو
مراکش کی ٹیم کی تاریخی کامیابی پر شائقین کا جشن۔فائل فوٹو

مراکش کی قومی ایئر لائن نے قطری حکام کےفیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے شائقین کو دوحہ لے جانے کے لیے بدھ کو طے شدہ تمام پروازوں کو منسوخ کر رہی ہے۔

ایئر لائن نے ایک ای میل میں کہا ہے کہ ’قطری حکام کی طرف سے لگائی گئی تازہ ترین پابندیوں کے بعد، رائل ایئر ماروک اپنے صارفین کو قطر ایئرویز کے ذریعے چلائی جانے والی پروازوں کی منسوخی کے بارے میں افسوس کے ساتھ اطلاع دے رہی ہے‘۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق، قطری حکومت کے بین الاقوامی میڈیا آفس نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

رائل ایئر ماروک نے پہلے کہا تھا کہ وہ فرانس کے خلاف بدھ کی رات ہونے والے سیمی فائنل میچ دیکھنے کے لیے قطر جانے کے خواہش مند شائقین کے لیے 30 اضافی پروازیں چلا ئے گی، لیکن منگل کو رائل ایئر ماروک کے ایک ذریعے نے بتایا کہ صرف 14 پروازیں طے کی گئی تھیں۔

بدھ کے روز سات طے شدہ پروازوں کی منسوخی کا مطلب ہے کہ مراکش کی قومی ائیر لائن منگل کو صرف سات پروازیں اڑانے کی اہل تھی، جس سے وہ شائقین قطر جانے سے محروم ہوگئے جنہوں نے پہلے ہی میچ کے ٹکٹ یا ہوٹل کے کمرے بک کر رکھے تھے ۔

رائل ایئر ماروک نے تمام صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ خریدے جانے والے ٹکٹوں کی رقوم واپس کردے گی ۔

رائل ایئر ماروک کے ترجمان اور قطر ایئرویز نے فوری طور پر تبصرہ کرنے کے لیے رائٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

یہ رپورٹ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی معلومات پر مبنی ہے۔

XS
SM
MD
LG