رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم سندھ حکومت میں شامل، دو وزرا نے حلف لیا


وزراء کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوٴس کراچی میں منعقد ہوئی، جہاں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے دو وزراء سے ان کے عہدے کا حلف لیا

سندھ سے بنیادی تعلق رکھنے والی سیاسی جماعت، متحدہ قومی موومنٹ ایک سال اور دو ماہ بعد ایک مرتبہ پھر سندھ حکومت کا حصہ بن گئی ہے۔ منگل کی شام اس کے دو ارکان روٴف صدیقی اور ڈاکٹر صغیر احمد نے وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ فیصل سبزواری اور عادل صدیقی کو وزیر اعلیٰ سندھ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ عبدالحسیب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے معاون خصوصی ہوں گے۔

وزراء کی حلف برداری گورنر ہاوٴس کراچی میں ہوئی، جہاں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے دونوں وزراء سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمٰن ملک، ڈاکٹر فاروق ستار اورخالد مقبول صدیقی بھی شریک تھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی حکومت میں شمولیت خوش آئند ہے۔ دونوں جماعتیں پہلے کی طرح صوبے اور ملک کی مل جل کر خدمت کریں گی۔

دونوں وزراء کو ان کے عہدوں کا قلمدان ابھی نہیں سونپا گیا۔ وی او اے کے نمائندے سے بات چیت میں ایم کیو ایم کے حلقوں سے قریبی تعلق رکھنے والے ایک ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وزراء مرحلے وار حلف اٹھائیں گے۔ آج پہلا مرحلہ مکمل ہوا ہے، جبکہ باقی مرحلے بھی جلد پورے ہوں گے۔‘

حلف اٹھانے کے بعد روٴف صدیقی، ڈاکٹر صغیر احمد، فیصل سبزواری، عادل صدیقی اور عبدالحسیب ایم کیو ایم کے مرکز عزیز آباد پہنچے اور لوگوں سے مبارکبادیں وصول کیں۔

حکومت سے اتحاد میں گورنر سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کی دبئی میں گاہے بگاہے ہونے والی ملاقاتوں نے اہم کردار اداکیا ہے۔ اس سے قبل، جب وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی، اس وقت بھی ایم کیو ایم حکومت کا حصہ تھی۔ لیکن، دونوں جماعتوں کے درمیان کئی مرتبہ علیحدگی اور ملاپ ہوتا رہا ہے۔
XS
SM
MD
LG