رسائی کے لنکس

ایم ٹی وی ایوارڈز، ’دی ہنگر گیمز کیچنگ فائر‘ نے لوٹ لئے


رنگوں، خوشبوؤں اور خوشیوں کے سانچے میں ڈھلا میلہ سجا لاس اینجلس کے نوکیا تھیڑ میں جو نام رہا فلم ’دی ہنگر گیمز۔کیچنگ فائر‘ کے۔ جس نے 7 ایوارڈز اپنی جھولی میں سمیٹ کر باقی سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ایم ٹی وی ایوارڈز کی شام ’دی ہنگر گیمز ۔۔ کیچنگ فائر‘ کے نام رہی۔ ’میوزک ٹیلی ویژن ایوارڈز‘ جسے عرف ِعام میں ’ایم ٹی وی ایوارڈز‘ کہا جاتا ہے اپنی چمک دمک، اسٹائل اور گلیمر کے نت نئے انداز کی وجہ سے نہ صرف منفرد ہیں بلکہ ایم ٹی وی ایوارڈز کی شام میں شریک اسٹارز کے پہناووں سے نت نئے فیشن بھی جنم لیتے ہیں جو دنیا بھر میں کاپی ہوتے ہیں۔

سال 2014 کے ’ایم ٹی وی ایوارڈز‘ کا رنگوں، خوشبوؤں اور خوشیوں کے سانچے میں ڈھلا میلہ سجا لاس اینجلس کے نوکیا تھیڑ میں جو نام رہا فلم ’دی ہنگر گیمز ۔ کیچنگ فائر‘ کے۔ جس نے 7 ایوارڈز اپنی جھولی میں سمیٹ کر باقی سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

’گریوٹی‘، ’وولف آف وال اسٹریٹ‘ اور مقابلے میں شریک دوسری فلمیں ’دی ہنگر گیمز‘ کی پیش قدمی روکنے میں ناکام رہیں۔ ’دی ہنگر گیمز۔ کیچنگ فائر‘ کے لئے جینیفر لارنس نے بہترین اداکارہ اور جوش ہیچرسن نے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتا جبکہ سال کی بہترین فلم، بہترین آن اسکرین ٹرانس فورمیشن اوردیگر کیٹگریز میں بھی ’دی ہنگر گیمز‘ فاتح رہی۔

خبررساں ایجنسی اے پی کے مطابق ول پولٹرنے ’بریک تھرو پرفارمنس‘ سمیت دو ٹرافیاں اپنے نام کیں۔ ’وولف آف وال اسٹریٹ‘ دو ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہی جو بہترین کامک رول پر جونا ہہل اور ڈبلیو ٹی ایف مومنٹ پر لیونارڈو ڈی کیپریو کو دئیے گئے۔

بہترین ولن کی ٹرافی لے اڑے ملا کیونس ’اوز دی گریٹ اینڈ پاورفل‘ میں ادا کئے گئے اپنے کردار پر۔

سلمان خان کا ’ولایتی ورژن ‘
اب بات کی جائے روایتی کیٹگریز سے ہٹ کر۔ زیک ایفرن کو سب سے زیادہ مختلف اور دلچسپ ایوارڈ سے نوازا گیا جو ’اکوورڈ مومنٹ‘ میں بہترین ’شرٹ لیس پرفارمنس‘ کے لئے دیا گیا۔

زیک جب ٹرافی لینے اسٹیج پر آئے تو انہوں نے ’شرٹ لیس‘ ہو کر ہی ٹرافی وصول کی۔ یوں آپ زیک کو سلمان خان کا ’ولایتی ورژن ‘ بھی کہہ سکتے ہیں۔

آنجہانی پال واکر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ’فاسٹ اینڈ فیوریس 6‘ کے لئے اور وین ڈیزل کو بہترین آن اسکرین جوڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

ایم ٹی وی ایوارڈز پانے والوں میں جودیگر ستارے شامل تھے ان کے نام بھی آپ کو بتاتے چلیں۔ یہ تھے بریڈ پٹ، جیرڈ لی ٹو، ہنری کاول، مارک وال برگ، بیک اسٹریٹ بوائز، جے برشل، سیتھ روگن اور کریگ روبن سن۔
XS
SM
MD
LG