رسائی کے لنکس

نیٹو ممالک افغانستان سے نکلنے میں جلدی نہ کریں، رابرٹ گیٹس


نیٹو ممالک افغانستان سے نکلنے میں جلدی نہ کریں، رابرٹ گیٹس
نیٹو ممالک افغانستان سے نکلنے میں جلدی نہ کریں، رابرٹ گیٹس

امریکی وزیرِدفاع رابرٹ گیٹس نے نیٹو ممالک کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان سے عالمی افواج کے جلد انخلاء سے خطے میں طالبان کے خلاف حاصل کی گئی کامیابیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

جمعہ کے روز برسلز میں جاری نیٹو ممالک کے وزراءِدفاع کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رابرٹ گیٹس کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ذمہ داریوں سے درست طور پر عہدہ برآ ہونے کے بجائے تمام تر زور وہاں سے افواج کے انخلاءپر دیا جارہا ہے جو ان کے بقول درست طرزِ عمل نہیں۔

برسلز میں جاری اجلاس میں ان 45 ممالک کے وزرائے دفاع شرکت کررہے ہیں جن کی افواج افغانستان میں تعینات ہیں۔ نیٹو اجلاس میں جمعہ کے روز ایک منصوبہ کی منظوری بھی دی گئی جس کے تحت آنے والے مہینوں میں افغان علاقوں کی سیکیورٹی کی ذمہ داریاں 2014ء تک عالمی افواج سے افغان فورسز کو مرحلہ وار منتقل کردی جائینگی۔

افغان صدر حامد کرزئی نیٹو افواج سے سیکیورٹی ذمہ داریوں کی افغان فورسز کو منتقلی کے پہلے مرحلہ کا سرکاری اعلان 21 مارچ کو کرینگے۔ اطلاعات کے مطابق پہلے مرحلے میں جن علاقوں کی سیکیورٹی کا کنٹرول مقامی افغان فورسز کے سپرد کیا جارہا ہے ان میں لشکر گاہ، ہرات اور مزارِ شریف کے شہر اور بامیان اور پنجشیر کے صوبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کابل کے نواحی علاقے سروبی کو چھوڑ کر پورے افغان دارالحکومت کا کنٹرول بھی مقامی فورسز سنبھال لیں گی۔

برسلز میں ہونے والے اجلاس سے خطاب میں نیٹو کے سیکریٹری جنرل آندریس فوگ راسموسن کا کہنا تھا کہ نیٹو کے رکن ممالک سیکیورٹی ذمہ داریوں کی منتقلی کے منصوبہ پر متفق ہوگئے ہیں۔ منصوبہ میں کسی علاقے کی سیکیورٹی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے والے عالمی افواج کے دستوں کی کسی اور علاقے کی سیکیورٹی اور افغان فورسز کو تربیت دینے کیلیے دوبارہ تعیناتی کی شق بھی شامل ہے۔

نیٹو اجلاس سے خطاب میں امریکی وزیرِدفاع کا کہناتھا کہ افغان اور عالمی افواج نے افغانستان میں جاری مزاحمت کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ تاہم انہوں نے خبردار کیاکہ آئندہ آنے والے مہینوں میں نیٹو افواج کو شدید لڑائی سے سابقہ پیش آسکتا ہے۔

رابرٹ گیٹس نے نیٹو کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ "برداشت کی جرات" پیدا کریں اور رواں سال جولائی کے بعد اپنی اپنی افواج کے افغانستان سے فوری انخلاء کیلیے آنے والے سیاسی دبائو کا مقابلہ کرنے کی حکمتِ عملی بنائیں۔ واضح رہے کہ اس سال جولائی کے مہینے سے افغانستان میں تعینات عالمی افواج کے دستوں کا انخلاء شروع ہوجائے گا جو 2014ء میں مکمل ہوگا۔

رابرٹ گیٹس کا کہنا تھا کہ امریکہ افغان جنگ پر سالانہ 120 ارب ڈالرز کی خطیر رقم خرچ کررہا ہے۔ انہوں نے اتحادی ممالک پر زور دیا کہ افغان فورسز کی تربیت اور استحکام کیلیے درکار سالانہ 4ء1 ارب ڈالرز میں اپنا حصہ ملائیں۔

XS
SM
MD
LG