رسائی کے لنکس

ایک اوور میں 34 رنز، اسامہ میر کی دھواں دار بیٹنگ کے چرچے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ میں ابھرتے ہوئےکھلاڑی اسامہ میر کی رمضان ٹورنامنٹ میں دھواں دار بیٹنگ کے سوشل میڈیا پر چرچے ہیں۔

لاہور کے اسٹیڈیم میں کھیلےگئے کرکٹ ٹورنامنٹ 'غنی رمضان ٹورنی' میں غنی انسٹی ٹیوٹ آف کرکٹ (جی آئی سی) اور کراچی واریئرز کے درمیان اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں اسامہ میر نے 20 گیندوں پر 66 رنز اسکور کیے۔

اسامہ میر نے اپنی اس اننگز میں ایک اوور میں 34 رنز بھی بنائے جس میں پانچ چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

اس دھواں دار اننگز کے سوشل میڈیا پر چرچے جاری ہیں اور کچھ لوگ تو یہ تک کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کو آل راؤنڈر شاداب خان کا متبادل مل گیا ہے۔

اسامہ میر نے اب تک صرف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے جب کہ وہ کسی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں رہے۔

اسامہ نے حال ہی میں ہونے والی پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی۔ کرک انفو کے مطابق انہوں نے اپنی لیگ اسپن کے ذریعے ایونٹ میں 14 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

رمضان ٹورنامنٹ میں اسامہ میر کی شاندار کارکردگی پر سوشل میڈیا صارفین ان کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔

شاہ زیب علی نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ "شاہد آفریدی نے ایک مرتبہ کہا تھا کہ اسامہ میر اپنی لیگ اسپن کے ساتھ ساتھ ایک کارآمد بلے باز بھی ہوسکتا ہے اور آج انہوں نے ثابت کر دیا۔"

قادر خواجہ نامی اسپورٹس جرنلسٹس نے ٹوئٹر پر لکھا کہ اسامہ میر نے ایک اوور میں پانچ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 34 رنز بنائے۔اسامہ میر کیا بالر ہیں اور کیا زبردست ہٹر ہیں۔ یہ پاکستان کرکٹ کا اصل مستقبل ہیں۔

احتشام ریاض نامی صارف نے اسامہ میر کے بارے میں کہا کہ وہ لیگ اسپن کرسکتے ہیں اور انہیں ہٹر کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ وہ شاداب خان کے بہترین متبادل ہیں۔

XS
SM
MD
LG