رسائی کے لنکس

علی جہانگیر صدیقی امریکہ میں پاکستان کے نئے سفیر نامزد


علی جہانگیر صدیقی
علی جہانگیر صدیقی

علی رانا

ذرائع کے مطابق امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کی مدت ملازمت ختم ہو رہی ہے۔ ان کی جگہ اب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے معاون خصوصي اور جے ایس گروپ کے سابق سی ای او علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں پاکستانی سفیر مقرر کردیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے نئے سفیر کی تقرری کی منظوری دے دی ہے، جب کہ امریکی وزارت خارجہ کی منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائے گا۔

علی جہانگیر صدیقی آئندہ ماہ امریکہ میں اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

علی جہانگیر صدیقی ملک کے معروف کاروباری گروپ جے ایس گروپ کے مالک جہانگیر صدیقی کے صاحبزادے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصي مقرر ہونے سے قبل وہ جے ایس گروپ کے سی ای او کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ تاہم اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے کاروبار سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

علی جہانگیر صدیقی کی بطور سفیرِ امریکہ نامزدگی پر پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی جہانگیر صدیقی کی تقرری انتہائی غیر سنجیدگی اور اقربا پروری کی شرمناک مثال ہے۔

ترجمان نے علی صدیقی کی اہلیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت امریکہ کے ساتھ تعلقات کو سنگین نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے جس کے لیے کسی زیرک اور تجربہ کار سفارت کار کی ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG