عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار سربیا کے نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ 18 گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کر کے راجر فیڈرر اور رافیل نڈال سے صرف دو ٹائٹلز کی دوری پر ہیں۔
جوکووچ نے اتوار کو میلبرن میں ایک آسان مقابلے کے بعد اپنے روسی حریف ڈینیل مدیویو کو 7-5، 6-2، اور 6-2 سے شکست دی۔
ابتدائی سیٹ میں مدیویو نے کچھ مزاحمت دکھائی تاہم باقی ماندہ سیٹس میں جوکووچ نے حریف کھلاڑی کے قدم نہیں جمنے دیے اور دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں میچ کا فیصلہ ہو گیا۔
جوکووچ اب اسپین کے ٹینس اسٹار رافیل نڈال اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر سے صرف دو گرینڈ سلیم ٹائٹلز پیچھے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے 20، 20 گرینڈ سلیم اپنے نام کر رکھے ہیں۔
ورلڈ نمبر چار ڈینئل مدیویو فائنل سے قبل مسلسل 20 میچ جیت چکے تھے۔ تاہم جوکووچ نے فائنل میں اُنہیں شکست دے کر اُن کی فتوحات کا سلسلہ بھی توڑ دیا ہے۔
یہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان آٹھواں مقابلہ تھا اس سے قبل جوکووچ چار جب کہ مدیویو تین میچوں میں کامیابی حاصل کر چکے تھے۔
میچ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جوکووچ کا کہنا تھا مدیویو دنیا کے اُن مشکل ترین حریفوں میں سے ایک ہیں جنہیں ہرانے کے لیے پورا زور لگانا پڑتا ہے۔
خواتین کے مقابلوں میں جاپان کی ٹینس اسٹار نومی اوساکا نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں امریکہ کی ٹینس اسٹار جنیفر بریڈی کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
نومی اوساکا نے ہفتے کو فائنل میں امریکی حریف کو 4-6 اور 3-6 سے شکست دی تھی۔