امریکی سینیٹ کے ریپبلکن ارکان ایک ہفتے کی تعطیل کے بعد پیر کے روز واشنگٹن واپس آ گئے ہیں اور وہ ابھی تک سابق صدر براک اوباما کے اوباما کئیر نامی ہیلتھ کیئر کے قانون کی منسوخی اور اس کا متبادل لانے کا کوئی قانونی فارمولا تلاش کر رہے ہیں۔ ری پبلکن کنٹرول کی کانگریس کے ارکان پر صدر ٹرمپ زور دے رہے ہیں کہ وہ اگست کی اپنی تعطیلات تک صحت کی دیکھ بھال کا ایک نیا بل پیش کر دیں۔
قدامت پسند ری پبلکن ارکان ہیلتھ کئیر میں وفاقی حکومت کےعمل دخل میں نمایاں کمی لانا چاہتے ہیں لیکن اعتدال پسندوں کو فکر ہے کہ اس سے غریب اور کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے شہری صحت کی دیکھ بھال کی کوریج سے محروم ہو جائیں گے ۔ تاہم ری پبلکن سینیٹر ز کے درمیان گفت و شنید جاری ہے، سینیٹ کے اکثریتی لیڈرمچ مک کونل کہتے ہیں کہ حالات کا جوں کا توں رہنا کارگر نہیں ہو رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ أوباما کئیر کئی سال سے خاتمے کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ آج یہ مکمل خاتمے کے قریب ہے۔ اگر ہم نے اس بارے میں کچھ نہ کیا تو مزید امریکیوں کو نقصان پہنچنے والا ہے۔ اور اوباما کئیرکےفی الواقع مکمل خاتمے سے قبل ہم پر ان کی مدد کی ذمہ داری عائد ہے۔
مسٹر میک کونل کہہ چکے ہیں کہ اگر ان کا کاکس کسی بل پر متفق نہ ہو سکا تو ری پبلکنز کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ کار نہ ہو گا کہ وہ أوباما کئیر کو بر قرار رکھیں جس کے تحت انشورنس میں معاونت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور بہت سی ریاستوں میں انشورنس کمپنیاں ہیلتھ کئیر کی ادائگی میں معاونت سے بچتی دکھائی دی ہیں۔
ڈیمو کریٹک اقلیتی لیڈرچک شومر نے مسٹر مک کونل کے تبصرے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ اوبا ما کئیر کے پورے قانون کو مسترد کیے بغیر اس کے نقائص کو درست کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ری پبلکن قیادت اپنے ارکان کو اس بل کے لیے ووٹنگ پر اس لیے نہیں کہہ رہی کیوں کہ یہ ایک اچھا بل ہے۔ اس بل کے لیے ووٹ دیں یا پھر آپ کو ڈیمو کریٹس کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔ اگر آپ بل کے مندرجات کا بالکل بھی دفاع نہیں کر سکتےتو پھر اب آگے بڑھنے کا وقت آ گیا ہے۔
مسٹر مک کونل نے ری پبلکنز کی جانب سے ہیلتھ کئیر کے ایک ابتدائی منصوبے پر ووٹنگ اس کے بعد ملتوی کر دی تھی جب کانگریس کے بجٹ آفس نے یہ تخمینہ پیش کیا کہ اس سے لاکھوں لوگ صحت کی دیکھ بھال کی کوریج سے محروم ہو جائیں گے۔ ری پبلکن راہنما اس ہفتے کے آخر تک ایک ترمیم شدہ منصوبہ پیش کرنے کی توقع کر رہے ہیں۔