رسائی کے لنکس

اوباما کیئر کے حق میں مظاہرے اوباما نے کرائے: صدر ٹرمپ


اوباما کیئر کے حق میں کولوراڈو میں مظاہرہ۔ 31 جنوری 2017
اوباما کیئر کے حق میں کولوراڈو میں مظاہرہ۔ 31 جنوری 2017

صدر ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اوباما کیئر کے قانون کو ختم کرکے اس کے بدلے میں ایک اور پروگرام لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اوباما کیئر ایک ناکام اور تباہ کن قانون قرار دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر براک اوباما پر الزام لگایا کہ ان کی آبائی ریاست میں ری پبلیکنز قانون سازوں کی اپنے ووٹروں سے ملاقات کے موقع پر ہونے والے حالیہ مظاہروں میں ان کا ہاتھ تھا۔

ری پبلیکنز قانون سازوں کو سابق صدر کے صحت عامہ سے متعلق قومی پروگرام اوباما کیئر کو ختم کے منصوبوں پر لوگوں کے تیز اور برہم سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔

کچھ ری پبلیکنز کا کہنا ہے کہ بہت سے مظاہرین کو حزب اختلاف کی جماعت ڈیموکریٹ پارٹی کے گروپس نے منظم کیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے فاکس اینڈ فرینڈز نامی ایک ٹاک شو میں اپنے انٹرویو کے دوران کہا کہ میں اس سیاست کو سمجھتا ہوں۔ اس چیز کے پیچھے ان کا ہاتھ ہے اور غالباً یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ میں ان چیزوں کو بدل رہا ہوں جو وہ کرنا چاہتے تھے۔

صدر ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اوباما کیئر کے قانون کو ختم کرکے اس کے بدلے میں ایک اور پروگرام لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے امریکی گونروں اور ہیلتھ انشورنس کے اعلی عہدے داروں کو وہائٹ ہاؤس میں پیر کے روز ہونے والے اجلاسوں میں بتایا کہ اوباما کیئر ایک ناکام اور تباہ کن قانون ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب کہ ری پبلیکنز اس قانون کی منسوخی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، رائے عامہ کے جائزے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ کچھ قانون سازوں نے اپنے انتخابی حلقوں میں لوگوں کی شکایات سننے کے بعد اس قانون کی منسوخی کے بارے میں محتاط موقف اختیار کر لیا ہے۔

لوگوں کا کہنا کہ اوباما کیئر کی منسوخی سے وہ صحت کی انشورنس سے محروم ہوجائیں گے اور مہنگے علاج کے بل ادا کرنے کے قابل نہیں رہیں گے۔

ری پبلیکنز قانون سازوں نے 2010 کے اوباما کیئر قانون کی منسوخی کے لیے کام کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قانون کے تحت امریکیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ صحت کی انشورنس خریدیں ، ورنہ ناکامی کی صورت میں جرمانہ ادا کریں۔ قانون سازوں کے مطابق یہ پابندی امریکیوں کی زندگیوں میں بے جا مداخلت ہے۔

XS
SM
MD
LG