رسائی کے لنکس

شہباز بھٹی کا قتل: اوباما کی طرف سےاندوہناک واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت


شہباز بھٹی کا قتل: اوباما کی طرف سےاندوہناک واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت
شہباز بھٹی کا قتل: اوباما کی طرف سےاندوہناک واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت

صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی کے قتل کا سن کر اُنھیں گہرا صدمہ پہنچا ہے,جنھیں بدھ کے روز اسلام آباد میں ہلاک کیا گیا۔ صدر نے تشدد کے اِس اندوہناک واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے ایک تعزیتی پیغام میں صدر نے متاثرہ خاندان، آنجھانی کےچاہنے والوں ، اُن کےجاننے والوں یا اُن کے ساتھ کام کرنے والوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ شہباز بھٹی نےاُن آفاقی اقدار کےلیے لڑتے ہوئے جان دی جنھیں پاکستانی اور امریکی اور دنیا بھر کے لوگ عزیز رکھتے ہیں، جیسا کہ لوگوں کا اپنی سوچ کے مطابق رائے زنی کا حق، آزادی سےاپنے مذہب پرعمل پیرا ہونے کا حق اورکسی خاص اعتقاد اورنسبت کی بنا پرکسی امتیازکا نشانہ نہ بنایا جانا۔

اُن کے الفاظ میں،’ وہ ایک صاف ذہن کے مالک تھے جنھیں پتا تھا کہ صاف گوئی کے کیا نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، اور ہلاک کیے جانے کی کئی دھمکیوں کے باوجود وہ مصر تھے کہ پاکستانی ہم وطنوں کی خاطر ایسے لوگوں کے درمیان مساوی حقوق اور برداشت کا دفاع جاری رکھیں جو نفاق، نفرت اور تشدد کا درس دیتے ہیں۔ ‘

’انھوں نے حوصلہ مندی سے بلاسفیمی کے پاکستانی قوانین کو چیلنج کیا، جِس کے تحت لوگوں کو اپنی سوچ اور اعتقاد کی بنیاد پر سزائیں دی جا چکی ہیں۔ جنھوں نے یہ جرم کیا اُن کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیئے، اور جو لوگ مسٹر بھٹی کے ایثار اور مذہبی آزادی کے جذبات میں یقین رکھتے ہیں، اُنھیں ڈر خوف کے بغیر زندہ رہنے کا حق حاصل ہے۔‘

صدر اوباما نے کہا کہ مسٹر بھٹی سے شناسائی رکھنےوالے سارے لوگ اُن کی جدائی کےغم میں شریک ہیں، اور امریکہ تمام ایسے لوگوں کا ساتھ دیتا رہے گا جو رواداری اور تمام انسان ذات کی توقیر کے جذبات پر مبنی اُن کی سوچ پر یقین رکھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG