رسائی کے لنکس

صدر اوباما ایتھیوپیا کا دورہ کریں گے


فائل
فائل

وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری، جوش ارنیسٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس دورے کا مقصد افریقہ میں معاشی افزائش کو فروغ دینا، جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا اور سلامتی کی صورت حال میں بہتری لانا ہے

امریکی صدر براک اوباما اگلے ماہ ایتھیوپیا کے سفر پر روانہ ہوں گے،اوراس طرح وہ اس افریقی ملک اور افریقی یونین کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے والے عہدے پر فائز پہلے امریکی سربراہ ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ادیس ابابا کے دورے سے پہلے وہ کینیا کا دورہ کریں گے، جس کا اعلان وہ پہلے ہی کر چکے ہیں۔

ایتھیوپیا میں قیام کے دوران، صدر اوباما سرکاری اہل کاروں سے ملاقات کریں گے، جب کہ وہ افریقی یونین کے رہنماؤں سے علیحدہ بات چیت کریں گے۔

کینیا میں، صدر کے طور پر پہلی بار، مسٹر اوباما اپنے والد کے آبائی گھر جائیں گے۔ صدر بننے سے پہلے وہ کینیا جاچکے ہیں، جب امریکی سینیٹر بننے کے بعد وہ ایک بار کینیا کا دورہ کرچکے ہیں۔

صدر اوباما سنہ 2015 کی عالمی ساجھے داری پر منعقدہ سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے، جس اجلاس میں کاروباری افراد، سرمایہ کار، حکومتوں اور دیگر تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے، جس کا مقصد دنیا بھر میں معیار زندگی بڑھانا ہے۔

وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری، جوش ارنیسٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس دورے کا مقصد افریقہ میں معاشی افزائش کو فروغ دینا، جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا اور سلامتی کی صورت حال میں بہتری لانا ہے۔

کینیا اور ایتھیوپیا سلامتی کے معاملے پر امریکہ کے اہم ساجھے دار ہیں، جو صومالی شدت پسند گروپ، الشباب سے نبردآزما ہیں۔

انسانی حقوق سے وابستہ چند گروپ مسٹر اوباما کے ایتھیوپیا کے دورے پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ اُنھوں نے اس بات کی جانب توجہ دلائی ہے کہ یہ دورہ وہاں ہونے والے انتخابات کے فوری بعد کیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG