پاکستان کے شہر اوکاڑہ سے حج کے لیے پیدل سفر کرنے والے عثمان ارشد مکہ پہنچ گئے ہیں۔
عثمان نےحج کے لیے اپنے آبائی علاقے اوکاڑہ سے یکم اکتوبر کو پیدل سفر کا آغاز کیا تھا۔ اس سفر کے دوران وہ گاہے بہ گاہے سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کرتے رہے ہیں۔
جمعےکو ایک ٹوئٹ میں عثمان نے بتایا کہ مکہ پہنچ کر انہوں نے عمرے کی سعادت حاصل کر لی ہے۔جس کی انہوں نے ایک تصویر بھی شیئر کی ہے۔
اس سے قبل ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ وہ چھ ماہ اور تیرہ دن میں 5400 کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرنے کے بعد مکہ پہنچے ہیں۔
گزشتہ برس جون میں 59 سالہ برطانوی شہری آدم محمد 11 ماہ پیدل سفر کرنے کے بعد انگلینڈ سے مکہ پہنچے تھے۔
عثمان یکم اکتوبر کو پنجاب سے اپنا سفر شروع کرنے کے بعد ایک ماہ میں کوئٹہ پہنچے تھے جس کے بعد وہ براستہ بلوچستان ایران میں داخل ہوئے تھے۔ پیدل سفر کے ان کے روٹ میں ایران سے عراق اور پھر کویت سے سعودی عرب پہنچنا شامل تھا۔
اس سفر سے متعلق عثمان نے بتایا تھا کہ انہوں نے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کر کے پیدل حج کی درخواست کی تھی اور راستے میں آنے والے ممالک سے کلیئرنس کی یقین دہانی کے بعد حج کے لیے پیدل سفر کا آغاز کیا تھا۔
واضح رہے کہ پیدل سفر کر کے مکہ پہنچنے سے قبل عثمان اپنے آبائی علاقے اوکاڑہ سے خنجراب پاس تک کا پیدل سفر کر چکے ہیں۔ یہ سفر انہوں نے تقریباً 34 دن میں طے کیا تھا۔