رسائی کے لنکس

پاکستان نے دہرے قتل کا ملزم برطانیہ کے حوالے کر دیا


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

برطانوی ہائی کمیشن سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ’’ پچھلے دس سالوں میں کسی کو پاکستان سے برطانیہ کی تحویل میں دینے کا یہ اپنی طرز کا پہلا واقعہ ہے۔‘‘

پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ دہرے قتل کے ایک ملزم محمد زبیر کو پاکستان نے برطانیہ کے حکام کے حوالے کر دیا ہے۔

برطانوی ہائی کمیشن سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ’’اس معاملے کو نتیجہ خیز بنانے میں کافی وقت صرف ہوا ہے۔ پچھلے دس سالوں میں کسی کو پاکستان سے برطانیہ کی تحویل میں دینے کا یہ اپنی طرز کا پہلا واقعہ ہے۔‘‘

بیان میں کہا گیا کہ 31 سالہ محمد زبیر، نیو لین ٹونگ کے رہائشی 27 سالہ عمران خان اور 35 سالہ احمدین سید کمال کے دُہرے قتل کے مقدمہ میں سزا یافتہ ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ قتل کی واردات کے بعد محمد زبیر برطانیہ سے پاکستان فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا، اسے 2013ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔

برطانوی ہائی کمیشن کے بیان میں سینیئر تفتیشی افسر سائمن ایٹکسن کے حوالے سے کہا گیا کہ تقریباً پانچ سال بعد برطانیہ محمد زبیر کو پاکستان سے تحویل میں لینے کامیاب ہوا۔

بیان کے مطابق محمد زبیر کو جمعرات کو بریڈفورڈ کے مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور برطانیہ میں حالیہ مہینوں میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔

خاص طور پر پاکستان کی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کے ایک سینیئر رہنما عمران فاروق کے لندن میں 2010ء میں قتل کے بعد اس واقعے کی تحقیقات کے لیے دونوں ممالک کے عہدیدار رابطے میں رہے۔

عمران فاروق کے قتل میں پاکستان میں زیر حراست ملزمان سے پوچھ گچھ کے لیے برطانیہ کی اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کی ٹیم بھی پاکستان آ چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG