رسائی کے لنکس

”نامعلوم بچی ڈاکٹر عافیہ کی بیٹی ہے“


”نامعلوم بچی ڈاکٹر عافیہ کی بیٹی ہے“
”نامعلوم بچی ڈاکٹر عافیہ کی بیٹی ہے“

پاکستانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ چند روز قبل ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے گھر کے باہر سے ملنے والی بچی امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بیٹی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے ہفتے کو اسلام آباد میں صحافیوں کو بتایا کہ مریم نامی اس بچی کا ڈی این اے ٹیسٹ عافیہ صدیقی کے بیٹے احمد سے مطابقت رکھتا ہے اور بچی کو اس کے لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بچی بالکل صحت مند ہے تاہم وہ تھوڑی سہمی ہوئی ہے ۔

اس موقع پر 12سالہ مریم اور ڈاکٹر فوزیہ صدیقی بھی موجود تھیں ۔ فوزیہ صدیقی نے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بچی کی رہائی حکومت کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

رحمن ملک نے ایک بار پھر کہا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکہ میں قیام کے دوران حکام سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے بات چیت کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ پاکستان سیاسی اور قانونی سطح پر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کوشاں ہے اور انھیں امیدہے کہ وہ رہا ہوجائیں گی۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی 2003ء میں اپنے تین بچوں کے ہمراہ کراچی سے لاپتہ ہوگئی تھیں اور 2008ء میں یہ خبر منظر عام پر آئی کہ وہ امریکہ میں زیرحراست ہیں۔ عافیہ صدیقی پر افغانستان میں امریکی اہلکاروں پرمبینہ طور پر فائرنگ کرکے انھیں زخمی کرنے کا مقدمہ چلایا جارہا ہے جب کہ ان پر القاعدہ سے روابط کا الزام بھی ہے۔

دریں اثناء سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئر مین سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا ہے کہ ان کی کمیٹی اپنے طور پر یہ جاننے کی کوشش کررہی ہے کہ یہ بچی اتنا عرصہ غائب رہنے کے بعد اپنے عزیزواقارب تک کیسے پہنچی۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بڑے بیٹے احمد اور بیٹی مریم کے بازیاب ہونے کے بعد ان کا چھوٹا بیٹا ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

XS
SM
MD
LG