ایک سینیئر امریکی عہدے دار نے کہاہے کہ پاکستان شمال مغربی قبائلی علاقے میں روپوش القاعدہ کی کارروائیوں کا سربراہ ایک حملے میں مارا جاچکاہے۔
امریکی عہدے دار، اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابوحفظ الشہری کو اس ہفتے کے شروع میں ہلاک کیا گیا ،لیکن انہوں نے اس سلسلے میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
پاکستان کے سیکیورٹی اہل کاروں نے کہا ہے کہ اتوار کے روز ایک امریکی ڈرون حملے میں کم ازکم تین افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا مارے جانے والے افراد میں الشہری بھی شامل تھا۔
یہ خبر امریکی عہدے داروں کے چند ہفتے قبل کے اس اعلان کے بعدمنظر عام پر آئی ہے جس میں انہوں نے کہاتھا کہ القاعدہ کا نائب سربراہ عطیہ عبدالرحمن پاکستان کے اسی علاقے میں 22 اگست کو ایک ڈرون حملے میں مارا گیا تھا۔
رحمن کو امریکی کمانڈوز کی ایک کارروائی میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد اس دہشت گرد تنظیم کا نائب مقرر کیا گیاتھا۔ جب کہ ایمن الظواہری کو اسامہ کی جگہ سربراہ بنایا گیا تھا۔