رسائی کے لنکس

جنوبی وزیرستان میں امریکی ڈرون گر کر تباہ


جنوبی وزیرستان میں امریکی ڈرون گر کر تباہ
جنوبی وزیرستان میں امریکی ڈرون گر کر تباہ

پاکستانی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر امریکہ کا ایک بغیر پائلٹ کا جاسوس طیارہ یا ڈرون قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں گر کر تباہ ہو گیا۔

مقامی انٹیلی جنس عہدے داروں نے بتایا کہ یہ واقعہ افغان سرحد کے قریب لدھا تحصیل کے ایک دور افتادہ دیہات زانگڑا میں ہفتہ کی شب پیش آیا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ طیارے کو یہ حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا، لیکن طالبان نے یہ ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

بعض اطلاعات کے مطابق تباہ ہونے والا ڈرون ’پریڈیٹر‘ ساخت کا طیارہ تھا جو افغانستان اور پاکستان میں عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے علاوہ اہداف پر میزائل حملوں کے لیے عموماً استعمال کیا جاتا ہے۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ طیارہ گرنے کے بعد سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان اس کا ملبہ حاصل کرنے کے لیے جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں دو عسکریت پسند ہلاک اور ایک اہلکار زخمی ہوا۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے اس واقعہ پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پاکستانی حدود میں ڈرون گر کر تباہ ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 25 اگست کو ایک نسبتاً چھوٹا طیارہ جس میں صرف جاسوسی کے حساس آلات نسب تھے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے سرحدی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

امریکی خفیہ ادارے ’سی آئی اے‘ کی جانب سے پاکستانی حدود میں میزائلوں سے لیس ڈرونز کا استعمال دونوں ملکوں کے درمیان ایک طویل عرصے سے تناؤ کی وجہ بنا ہوا ہے۔

ان جاسوس طیاروں کی مدد سے کیے جانے والے میزائل حملوں میں شہری ہلاکتوں کے باعث امریکہ کی ڈرون مہم پاکستان میں انتہائی غیر مقبول ہے اور اسلام آباد بار ہا ان کارروائیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کر چکا ہے۔

تاہم ایک تاثر یہ بھی ہے کہ پاکستان کی سیاسی و فوجی قیادت پس پردہ ڈرون حملوں کے معاملے پر امریکی حکام کی حمایت کرتی ہے۔

XS
SM
MD
LG