رسائی کے لنکس

اسلام مخالف فلم کےخلاف پاکستان میں احتجاجی مظاہرے، ایک شخص ہلاک


مولانا فضل الرحمٰن
مولانا فضل الرحمٰن

لاہورمیں جماعت الدعوہٰ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی۔

توہینِ رسالت پرمبنی فلم کےخلاف پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اتوار کو ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران امریکی قونصل خانے کی طرف جانے کی کوشش میں مشتعل مظاہرین اورپولیس کے درمیان تصادم میں ایک شخص ہلاک اور کم ازکم پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں بننے والی اس متنازع فلم کے مناظر’یو ٹیوب‘ پر جاری ہونے کے بعد گزشتہ چار روز سے مسلمان ملکوں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جِن میں امریکی اور یورپی ملکوں کے سفارت خانوں پر حملے کیے گئے ہیں۔

یہ پُرتشدد مظاہرے لیبیا، تیونس، یمن اور مصر میں کیے گئے ہیں۔

پاکستان میں اتوار کے روز مختلف تنظیموں نے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا تھا اور کراچی میں لگ بھگ 1000 مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا اور اُنھیں منتشر کرنے کے لیے پولیس کی طرف سے ہوائی فائر اور آنسو گیس کےشیل پھینکے گئے۔

لاہورمیں جماعت الدعوہٰ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی، جبکہ نجی ٹی وی چینلز پر ملک کے دیگر شہروں میں چھوٹے بڑے مظاہروں کے مناظر بھی دکھائے گئے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئےمولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ’اِس فلم سے واضع ہوتا ہے کہ امریکی اور مغرب کے لوگ کس قدر انتہا پسندانہ خیالات رکھتے ہیں‘۔
XS
SM
MD
LG