صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین مختلف دھماکوں میں دو افراد ہلاک اور دو گیس پائپ لائنوں کو نقصان پہنچا ہے۔
لیویز سکیورٹی فورس کے حکام نے وائس اف امریکہ کو بتایا ہے کہ پیر کی صبح لوٹی اور پیر کوہ کے علاقوں میں قدرتی گیس کنوؤں سے پلانٹ تک پہنچانے کے لیے بچھائی گئی 24 انچ قطر کی پائپ لائن کو نامعلوم افراد نے دھماکا خیز مواد کے ذریعے تباہ کر دیا، جب کہ دوسرا دھماکا پیش بوگی کے علاقے میں کیا گیا جہاں 18 انچ قطر کی پائپ لائن کو نقصان پہنچا۔
حکام کے مطابق علاقے میں موجود دوسرے کنوؤں اور پائپ لائنوں سے گیس کی فراہمی جاری ہے تاہم دو پائپ لائنوں کو ہونے والے نقصان سے مجموعی سپلائی میں کمی واقع ہوئی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ کے دوران اب تک ڈیرہ بگٹی، سوئی، اور جعفر آباد ضلعوں میں ایک درجن سے زائد مقامات پر گیس کی پائپ لائنوں کو دھماکا خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے جس سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کے بقول ادارے کو دس کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔
ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں جن سے استفادے کے لیے 90 کے قریب کنویں کھودے گئے ہیں۔
اُدھر اتوار کو سوئی کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی عہدے داروں کے مطابق اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی نے قبو ل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1