|
ویب ڈیسک _ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے ٹیسٹ کرکٹ میں 'ٹو ٹیئر' سسٹم پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا سسٹم ہونا چاہیے جس میں تمام ٹیموں کو زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے کے مواقع ملیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل جمعرات کو ملتان میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے حوالے سے فیصلے کرنا پالیسی سازوں کا کام ہے۔ تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام ٹیموں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد پاکستان آئندہ 10 ماہ کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلے گا۔ یہ بہت طویل وقفہ ہے کیوں کہ اس کے باعث مختلف چیلنجز آتے ہیں۔
ان کے بقول، ٹیسٹ فارمیٹ کرکٹ کے دیگر فارمیٹس سے بالکل مختلف ہے۔ اس میں جسمانی اور دماغی فٹنس کا الگ معیار درکار ہوتا ہے۔
شان مسعود کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین ٹیسٹ فارمیٹ میں 'ٹو ٹیئر' سسٹم کے لیے لابنگ کا ارادہ رکھتے ہیں۔
مجوزہ منصوبے کے تحت 2027 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اختتام کے بعد بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کو ٹاپ ٹیئر جب کہ ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، افغانستان، زمبابوے اور آئرلینڈ کو 'سیکنڈ ٹیئر' میں رکھا جائے گا۔ اس طرح ٹیموں کو سات، پانچ میں تقسیم کیا جائے گا۔
منصوبے کے مطابق بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا پر مشتمل 'بگ تھری' آپس میں زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلیں گے۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان حالیہ ٹیسٹ سیریز کے بعد مذکورہ مجوزہ سامنے آیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں لگ بھگ پونے چار لاکھ شائقین نے گراؤنڈ کا رُخ کیا تھا۔
'ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز اہمیت کی حامل ہے'
شان مسعود کا کہنا تھا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027 کے سائیکل کے پیشِ نظر ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز اہمیت کی حامل ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملتان کی کنڈیشنز کو مدِنظر رکھتے ہوئے فاسٹ بالنگ یا اسپن اٹیک کا تعین کیا جائے گا۔
میزبان ٹیم نے ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھانے کے لیے اسپنرز پر توجہ مرکوز کر لی ہے جس کے لیے انگلینڈ کے خلاف شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
دونوں اسپنرز نے گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلش ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچز جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ساجد اور نعمان نے مجموعی طور پر 39 وکٹیں حاصل کی تھیں جس کی بدولت پاکستان نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہوم سیریز میں فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنا چاہتے ہیں کیوں کہ اس سے غیر ملکی دوروں پر اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 17 جنوری سے ملتان میں شروع ہو رہا ہے۔
فورم