رسائی کے لنکس

ایمپریس مارکیٹ کراچی میں آتشزدگی،تخریب کاری ہے ، دکاندار


ایمپریس مارکیٹ کراچی میں آتشزدگی،تخریب کاری ہے ، دکاندار
ایمپریس مارکیٹ کراچی میں آتشزدگی،تخریب کاری ہے ، دکاندار

کراچی میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب صدر کی 122 سالہ قدیم ایمپریس مارکیٹ میں لگنے والی آگ دکانداروں کی نظر میں تخریب کاری کا واقعہ ہے جبکہ آگ لگنے کے نتیجے میں مالی نقصان کا حتمی اندازہ ابھی تک نہیں لگایا جاسکا کیوں کہ ابھی تک متاثرہ دکاندار بحالی کے کاموں میں لگے ہوئے ہیں ۔

دوسری جانب پیر کے روز بھی ایمپریس مارکیٹ میں سیاسی جماعتوں ،مقامی رہنماوٴں، فلاحی و امدادی اداروں اور عام لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران دکانداروں کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کا واقعہ تخریب کاری کا نتیجہ ہے ۔ بیشتر دکانداروں نے واقعہ کا بروقت مقدمہ دائر نہ کرنے پر پولیس سے اظہار ناراضگی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب تو لاکھوں اور کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا تو دوسری جانب انتظامیہ اور خاص کر پولیس نے ہم سے بے رخی اختیار کی۔

ایمپریس مارکیٹ کے ہی ایک دندار محمد جو پیر کی صبح بھی اپنی جلی ہوئی دکان سے بچا کچا سامان یکجا کررہے تھے ، ان کا کہنا تھا کہ دو روز گزرنے کے باوجودایف آئی آر ابھی تک درج نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب ایس ایس پی صدر ٹاوٴن کا کہنا ہے کہ متعلقہ دکانداروں کو پیغام پہنچا دیا ہے کہ جلنے والے سامان کا تخمینہ لگاکر مقدمہ درج کرائیں تاکہ معاوضے کی ادائیگی کی جاسکے۔

پیر کو ایمپریس مارکیٹ کا دورہ کرنے والے ایک مقامی سیاسی جماعت پاسبان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم اور صدر اعظم منہاس نے ایمپریس مارکیٹ کی دکانوں میں آتشزدگی کو منظم سازش قرار دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعات و شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ آتشزدگی شارٹ سرکٹ سے نہیں ہوئی بلکہ یہ منظم سازش اور منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے سٹی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایمپریس مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے ۔

آتشزدگی کے نتیجے میں ایک سو سے زائد دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ تین سو زائد دکانوں کو جلنے سے بچا لیا گیا۔ آگ لگنے سے کروڑوں روپے کا سامان جل گیا تاہم واقعے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آگ بجھانے والے عملے نے آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ کو قرار دیا ہے تاہم دکانداروں نے اس موقف سے اتفاق نہیں کیا۔دکانداروں کو شک ہے کہ آگ کسی کیمیکل سے جان بوجھ کر لگائی گئی ہے ۔ان کے نزدیک یہ خالصتاً تخریب کاری کا واقعہ ہے جس کی پولیس کو مکمل تفتیش کرنی چاہئے۔

عینی شاہدین کے مطابق فائر بریگیڈ کے عملے کو آتشزدگی پرقابو پانے میں کئی گھنٹے لگے۔آگ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب تین بجے کے آس پاس لگی ۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے پورے شہر سے فائر ٹینڈرز، باوٴزر اور سنارکلز کو طلب کیا کرلیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG