رسائی کے لنکس

آئی ایس آئی کے سربراہ امریکہ روانہ


آئی ایس آئی کے سربراہ امریکہ روانہ
آئی ایس آئی کے سربراہ امریکہ روانہ

پاکستان کے خفیہ ادارے ’انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)‘ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا پیر کو اسلام آباد سے امریکہ کے لیے روانہ ہوئے جہاں وہ امریکی سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے سربراہ سے ملاقات کریں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل پاشا کے دورہ امریکہ کے بارے میں سلامتی کے اُمور سے متعلق ایک اعلیٰ پاکستانی عہدے دار نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ آئی ایس آئی کے سربراہ ’’باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت کے لیے امریکہ گئے ہیں۔‘‘

وہ یہ دورہ ایک ایسے وقت کر رہے ہیں جب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں خفیہ اداروں کے درمیان تعاون اطلاعات کے مطابق تعطل کا شکار ہے۔ مبصرین کے خیال میں جنرل پاشا کی اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات دونوں خفیہ اداروں کے درمیان تناؤ کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہو گی۔

امریکی خفیہ ادارے سے نجی حیثیت میں منسلک عہدے دار ریمنڈ ڈیوس کی جنوری کے اواخر میں دو پاکستانیوں کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتاری کے بعد سے آئی ایس آئی اور سی آئی اے کے تعلقات میں کشیدگی پائی جا رہی ہے۔

امریکہ کا اصرار تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنا حاصل ہے لیکن گذشتہ ماہ مقتولین کے لواحقین کے ساتھ دیت کے اسلامی قانون کے تحت اُس کی رہائی عمل میں آئی۔

XS
SM
MD
LG