رسائی کے لنکس

امریکہ نے پاکستان پر ویزہ پابندی نہیں لگائی، شاہ محمود قریشی


شاہ محمود قریشی، فائل فوٹو
شاہ محمود قریشی، فائل فوٹو

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکہ کی طرف سے پاکستان پر ویزہ کی پابندی نہیں لگائی گئی۔ اس سلسلے میں امریکی سفارت خانے نے بھی وضاحت جاری کر دی ہے۔ پابندی صرف تین عہدے داروں پر ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور میں بریفنگ دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکہ غیر قانونی طور پر مقیم پکڑے گئے پاکستانیوں کو واپس بھیجنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں 70 سے زیادہ پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے جو کل خصوصی پرواز سے واپس پہنچیں گے۔ پاکستان نے امریکی حکام سے اس سلسلے میں تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے کہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ویزہ پابندی پاکستانی شہریوں پر نہیں بلکہ وزارتِ داخلہ کے ایڈیشنل و جوائنٹ سیکرٹری اور ڈی جی پاسپورٹ پر لگی ہے۔

قومی اسبملی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس چیئرمین احسان اللہ ٹوانہ کی زیر صدارت ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے خارجہ پالیسی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 27 جون کو تمام سفارت کاروں کا اجلاس بلایا ہے جس کا مقصد معاشی سفارت کاری کا فروغ ہے۔

امریکہ ایران کشیدگی اور پاکستان

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران امریکہ تنازع سے الگ رہنا چاہتا ہے۔ ہم ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کسی کیمپ کا حصہ نہیں بنیں گے۔ اگر کسی کیمپ میں گئے تو اس کا اثر پاکستان پر بھی ہو گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان اس صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہم اپنے مفاد کو دیکھ کر حکمت عملی ترتيب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیرخارجہ سے ان کی 3 نشستیں ہوئیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور امریکہ سے متعلق بات چیت بھی تھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ معاشی طور پر مستحکم پراجیکٹ ہے، لیکن کوئی بھی اس منصوبے پر سرمایہ دینے کے لیے تیار نہیں ہے، کیونکہ جو ایسا کرے گا اس پر بھی پابندی لگ جائے گی۔

افغان امن عمل

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔ افغان امن عمل میں کئی چیزیں بہتر ہوئی ہیں۔ تاہم، ابھی تک انٹرا افغان مذاکرات میں دقت پیش آ رہی ہے۔ طالبان امریکہ سے براہ راست مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، جب کہ ہم انٹرا افغان مذاکرات کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب مذاکرات میں ناکامی ہوتی ہے تو پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا جاتا ہے۔

دہشت گردی کے حالیہ واقعات

شاہ محمود قریشی نے حالیہ دنوں میں پاکستان میں تواتر سے ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں پاکستان مخالف قوتیں ملوث ہیں۔ کوئٹہ میں دہشت گردی اور داتا دربار دھماکے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات میں پاکستان دشمن عناصر کا ہاتھ ہے۔

پاکستانی لڑکیوں کی چینی باشندوں سے شادیاں

ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی خواتین کی چینی شہریوں سے شادیوں کے معاملے پر چینی قیادت سے رابطے میں ہیں۔ یہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو خراب کرنے کی سازش ہے۔ اب تک جو صورت حال سامنے آئی ہے، اس میں معاملات کو زیادہ بگاڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ ہمیں اپنی پاکستانی بچیوں کی بہت فکر ہے اور ہم انہیں کسی طور تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

XS
SM
MD
LG