رسائی کے لنکس

تیسرا ون ڈے: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 13 رنز سے ہرادیا


تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 13رنز سے شکست دے دی۔ بارش سے متاثرہ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا۔

نسبتاً مشکل ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی اوپنرز ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے53رنز کا اچھا آغاز دیا، اس موقع پر پاکستانی بولرز بے بس اور کپتان پریشان دکھائی دے رہے تھے تاہم دسویں اوور میں حسن علی نے آملہ کو پویلین کی راہ دکھا کر کپتان سرفراز کی تشویش کو دور کردیا۔

دوسری وکٹ کے پاکستان کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا، اسکور میں صرف 26رنز کے اضافے پر ڈی کوک 33رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان ڈوپلیسی اور ہینڈرکس نے رنز بنانے کی ذمہ داری سنبھالی لیکن جب 17ویں اوور میں جنوبی افریقا کا اسکور 2وکٹوں کے نقصان پر 88رنز ہواتو بارش کے باعث میچ روکنا پڑا۔

کچھ دیر رکنے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پروٹیز نے دوبارہ بارش کی وجہ سے ممکنہ ڈک ورتھ لوئس میتھد کا اطلاق ہونے کی صورت میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے لئے تیزی سے رنز بنائے اوربغیر کوئی وکٹ گنوائے ٹیم کا اسکور 33اوور میں 187 تک پہنچادیا۔

بارش نے ایک بار پھر کھلاڑیوں کو میدان سے باہر آنے پر مجبور کیا تو ہینڈرکس 83 اور کپتان ڈوپلیسی 40رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ جس وقت میچ روکا گیا جنوبی افریقا کے رنز کی تعداد ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت درکار ہدف سے زائد تھے۔

بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے میچ جاری رکھنا ممکن نہ رہا اور جنوبی افریقا نے یہ میچ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 13رنز سے جیت کرسیریز میں دو،ایک کی برتری حاصل کرلی۔

ریزا ہینڈرکس کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز کا چوتھا میچ اتوار کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 317 رنز بنائے تھے ۔ جواب میں جنوبی افریقہ کو یہ میچ جیتنے کے لئے 318 رنز بناناتھے۔

پاکستان کے چار کھلاڑیوں نے ایک بڑا اسکوربنانے میں اہم ترین کردار اداکیا ۔ امام الحق نے سنچر ی بنائی تو بابر اعظم دوسرے نمبر پر رہے، جنہوں نے اسٹین کے ہاتھوں ایل بھی ڈبلیو ہونے تک 69 رنز اسکور کئے جبکہ محمد حفیظ جنہوں نے 52 رنز بنائے۔

اگرچہ عماد وسیم بالر زیادہ اچھے ہیں لیکن آج انہوں نے اچھا اسکور بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے بغیر آؤٹ ہوئے 43 رنز بنائےجبکہ سرفراز احمد 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

امام الحق آج اس حوالے سےخوش قسمت رہے کہ وہ کیرئر کی پانچویں سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے ۔ سنچری سے ایک رن زیادہ ہوتے ہی تبریز شمسی نے انہیں اپنا شکار بنا لیا۔ وہ کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کا کیچ وین دیر ڈیسن نے لیا۔

آج کے کھیل میں فخر زمان کی قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔ وہ صرف دو ہی رنز بنا پائے۔ انہیں ربادہ نے ہیڈرکس کی بال پر کیچ کیا۔ باقی کھلاڑیوں میں شعیب ملک نے 31 رنز بنائے اور حسن علی نے ایک رن اسکور کیا۔

اسٹین اور ربادہ نے دو، دو اور ہیدرکس و تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے آج اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں۔ فہیم اشرف اور حسین طلعت کی جگہ محمد عامر اور عماد وسیم کو شامل کیا گیا۔ ادھر جنوبی افریقی ٹیم میں ڈیل اسٹین اور کوئنٹن ڈی کوک کی واپسی کے ساتھ ہی بیرن ہینڈرکس کو ڈیبیو میچ کھیلنے کا موقع دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا یہ تیسرا ون ڈے تھا۔ دونوں ٹیمیں پہلے اور دوسرے ون ڈے میں ایک دوسرے کو پانچ ،پانچ وکٹوں سے ہرا چکی ہیں۔ یوں آج کا میچ برتری حاصل کرنے کے لحاظ سے اہم تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سنچورین میں اب تک پانچ مقابلے ہو چکے ہیں جن میں دو پاکستان اور تین جنوبی افریقہ جیت چکا ہے۔ گویا جنوبی افریقہ کا پلڑا ایک میچ سے بھاری ہے۔

پاکستانی ٹیم میں امام الحق، فخر زمان، محمد حفیظ، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل رہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم فاف ڈوپلیسی،کوئنٹن ڈی کوک، ہاشم آملہ، ریزا ہینڈرک، ریسی وین دیر ڈیسن، ڈیوڈ ملر، اینڈلے فلکوایو، کگیسو رابادا، ڈیل اسٹیل تبریز شمسی اور بیرون ہینڈرکس پر مشتمل تھی۔

XS
SM
MD
LG