رسائی کے لنکس

تیل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا حکم


وزیراعظم راجہ پرویز اشرف
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف

وزیراعظم پرویز اشرف نے کہا کہ ’’جمہوری حکومت عوام پر اضافی بوجھ کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور عام آدمی کو ریلیف دینے کو یقینی بنایا جائے گا۔‘‘

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو فوری طور پر واپس لینے کا حکم دیا ہے۔

ہفتہ کو جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا حکم وفاقی وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا سے ملاقات کے بعد دیا۔

بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو ملک کی مجموعی اقتصادی صورت حال اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ تیل کی مصنوعات میں حالیہ اضافے کے عام لوگوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اس لیے اس کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

’’جمہوری حکومت عوام پر اضافی بوجھ کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور عام آدمی کو ریلیف دینے کو یقینی بنایا جائے گا۔‘‘

پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتوں کا تعین کرنے والے ادارے اوگرا نے جمعہ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چار فیصد تک اضافہ کیا تھا جس کے بعد ملک بھر کے عوام کی طرف سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

عام لوگوں نے تیل کی قیمتیوں میں اضافے کو رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے پہلے سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔

پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے خلاف قومی اسمبلی کے جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں بھی حزب اختلاف کی جماعتوں مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم نے احتجاجاً واک آؤٹ بھی کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG