رسائی کے لنکس

وزیراعظم نواز شریف جمعہ کو چین جائیں گے


وزیراعظم نواز شریف (فائل فوٹو)
وزیراعظم نواز شریف (فائل فوٹو)

وزیراعظم نواز شریف بیجنگ میں ایشیا پیسفک اکنامک کانفرس سے قبل آٹھ ممالک کے ایک اجلاس میں شرکت کریں گے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف جمعہ کو سرکاری دورے پر چین جائیں گے جہاں دونوں ملکوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون سے متعلق معاہدوں پر دستخظ کیے جائیں گے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں جمعرات کو کہا کہ وزیراعظم چین میں اس دورے کے دوران چین صدر ژی جن پنگ اور اپنے چینی ہم منصب لی کیچانگ سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح وفد بھی چین جائے گا۔

واضح رہے کہ چین کے صدر ژی جن پنگ نے ستمبر میں اپنا مجوزہ دورہ اسلام آباد ملتوی کر دیا تھا، جس کی وجہ پاکستانی حکومت نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے عمران خان کی تحریک انصاف اور طاہر القادری کی جماعت عوامی تحریک کے دھرنے کو قرار دیا تھا۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخظ ہوں گے، جن میں سے زیادہ تر معاہدے توانائی کے شعبوں میں فروغ سے متعلق ہوں گے۔

وزیراعظم نواز شریف بیجنگ میں ایشیا پیسفک اکنامک کانفرس سے قبل آٹھ ممالک کے ایک اجلاس میں شرکت کریں گے۔

تسنم اسلم نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف چین میں ہونے والے اس اجلاس میں شرکت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات اور رابطوں کو بڑھانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے علاوہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کو اہمیت دیتا ہے۔

چچینی صدر کے دورہ پاکستان کے ملتوی ہونے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ اس دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان 34 ارب ڈالر مالیت کے منصوبوں ہر دستخط ہونے تھے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ان معاہدوں پر وزیراعظم کے اس دورے کے موقع پر دستخط کیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG