رسائی کے لنکس

وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران 35 ارب ڈالر کے منصوبوں پر دستخط ہوں گے: حکام


پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف

مصدق ملک نے کہا کہ ان معاہدوں کے تحت توانائی کے 14 ایسے منصوبے ہیں جن سے 10,400 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف چین کے تین روزہ سرکاری دورے پر جمعہ کو بیجنگ پہنچے جہاں وہ ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اس دورے میں وہ چین کے صدر ژی جنپنگ اور وزیراعظم لی کیچیانگ سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستانی عہدیداروں کے مطابق وزیراعظم کے اس دورے میں پاکستان میں 35 ارب ڈالر کے منصوبوں میں چینی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے۔

وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے دورہ چین کے دوران ہونے والے معاہدوں کے بارے میں بتایا کہ ’’وزیراعظم نے یہ فیصلہ کیا کہ ہمیں خود جانا چاہیئے، تاکہ ہم انتظار نا کریں کہ چین کے صدر کا کب دورہ پاکستان طے ہو گا، اور ان معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔‘‘

مصدق ملک نے کہا کہ ان معاہدوں کے تحت توانائی کے 14 ایسے منصوبے ہیں جن سے 10,400 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔

چین کے صدر ژی جنپنگ نے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن یہ ملتوی کر دیا گیا۔ پاکستانی عہدیداروں کے بقول التوا کی وجہ ملک میں جاری سیاسی کشیدگی اور اسلام آباد میں حکومت مخالف احتجاجی دھرنے تھے۔

وزیراعظم سمیت حکومتی وزراء یہ کہتے آئے ہیں کہ ان دھرنوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔

پاکستان کو توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے جس سے صنعتی پیداوار بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ چین سے معاہدوں میں توانائی کے شعبے میں منصوبوں کے علاوہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور بلوچستان میں گوادر بندرگاہ کی ترقی کے معاہدے بھی شامل ہوں گے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری سے ملازمتوں کے ہزاروں مواقع بھی پیدا ہوں گے جن سے خاص طور پر نوجوان مستفید ہو سکیں گے۔

XS
SM
MD
LG