رسائی کے لنکس

لیبیا چھوڑنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے انتظامات


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کی حکومت نے کہا ہے کہ لیبیا میں جاری کشیدگی کے باعث وہاں موجود جو پاکستانی ملک چھوڑنا چاہتے ہیں اُن کے فضا، زمین اور سمندر کے راستے انخلا کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، اور اس سلسلے میں حکومت پاک بحریہ اور فضائیہ سے مسلسل رابطے میں ہے۔

اتوار کو وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم ہوسف رضا گیلانی نے وزیر مملکت برائے خارجہ اُمور حنا ربانی کھر اور سیکرٹری سلمان بشیر کو ہدایت کی ہے کہ پاکستانی باشندوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اس سلسلے میں وزارت خارجہ نے ایک ’سپیشل ٹاسک فورس‘ تشکیل دی ہے جو لیبیا کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور وہاں موجود پاکستانیوں کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کے لیے طرابلس اور خطے کے دوسرے ملکوں میں پاکستانی سفارت خانوں سے رابطے میں ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفارت خانوں کو چوکنا کر دیا گیا ہے اور عہدے دار بدلتی ہوئی صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانیوں کا ایک گروپ لیبیا سے تیونس پہنچ چکا ہے اور پاکستان کا سفارت خانہ اُنھیں وطن واپس بھیجنے کے اقدامات میں مصروف ہے۔ جب کہ ایک اور گروپ مصرکے سرحدی علاقے تک پہچنے کی کوشش کر رہا ہے جہاں پاکستانی عہدے دار اُن کی مدد کے لیے موجود ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG