بدعنوانی پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے سال 2022 میں پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے اور اس کے پوائنٹس میں مزید کمی آئی ہے۔
منگل کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا کے بڑے ممالک پاکستان اور بنگلہ دیش میں بد عنوانی بڑھنے کے سبب ان کے پوائنٹس میں تنزلی ہوئی ہے جب کہ بھارت کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
رپورٹ کے مطابق سال 2021 میں پاکستان کرپشن پرسپشن انڈیکس (سی پی آئی) میں 140 ویں نمبر پر تھا اور اس کے پوائنٹس 28 تھے جب کہ سال 2022 میں اس کے پوائنٹس 27 ہو گئے ہیں تاہم اس فہرست میں وہ 140 نمبر پر ہی ہے۔
اسی طرح بنگلہ دیش کے پوائنٹس 26 سے 25 ہو گئے ہیں جس سے وہ 147 ویں نمبر پر ہے۔ بھارت 2020 اور 2021 کی طرح 2022 میں بھی 85 ویں نمبر پر ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 40 ہے۔
سی پی انڈیکس میں ممالک کو 100 نمبرز میں سے دیے گئے نمبروں کی بنیاد پر رینکنگ دی جاتی ہے۔ جس ملک کے نمبر زیادہ ہوتے ہیں اس کا نام فہرست میں ابتدائی درجوں میں آتا ہے۔
سال 2022 کی فہرست میں سب سے زیادہ 90 نمبر ڈنمارک کو دیے گئے ہیں اس لیے وہ فہرست میں اول نمبر پر ہے۔ دوسرے نمبر پر فن لینڈ اور نیوزی لینڈ ہیں۔ اس کے بعد ناروے، سنگا پور، سوئیڈن، سوئٹزر لینڈ، نیدرلینڈز، جرمنی، آئرلینڈ، لیکزمبرگ، ہانگ کانگ، آسٹریلیا اور کینیڈا کا نام ہے۔
فہرست میں برطانیہ 18 ویں، فرانس 21 ویں، امریکہ 24 ویں، اسرائیل 31 ویں، قطر 40 ویں، سعودی عرب 54 ویں، چین 65 ویں اور روس 137 ویں نمبر پر ہے۔
گزشتہ 10 برس میں پاکستان کا سی پی آئی اسکور 2018 میں سب سے زیادہ 33 تھا۔ 2019 میں یہ اسکور 32 ، 2020 میں 31، 2021 میں 28 اور اب 2022 میں 27 ہو گیا ہے۔
پاکستان میں 2018 میں عام انتخابات کے بعد وفاق میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت قائم ہوئی تھی لیکن مارچ 2022 میں وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد کی منظوری کے بعد پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا۔
سال 2022 میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف پاکستان کے وزیرِ اعظم بنے تھے جنہیں کئی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔
ٹرانسپیرنسی انرنیشنل کے مطابق سال 2017 کے بعد دنیا میں پاکستان سمیت 10 ممالک ایسے ہیں جن کے سی پی آئی اسکور میں بہت تیزی سے کمی آئی ہیں۔ ان میں لیگزمبرگ، کینیڈا، برطانیہ، آسٹریا، ملائیشیا، منگولیا، ہنڈراس، نیکاراگوا اور ہیٹی شامل ہیں۔
دنیا کے آٹھ ممالک ایسے ہیں جنہوں نے اسی عرصے میں اپنے اسکور کو بہت زیادہ بہتر کیا ہے جن میں آئر لینڈ، جنوبی کوریا، آرمینیا، ویتنام، مالدیپ، مالدوا، انگولا اور ازبکستان شامل ہیں۔