رسائی کے لنکس

'بھارت پاکستان کی فکر چھوڑ کر کشمیر میں ظلم بند کرے'


پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل (فائل فوٹو)
پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل (فائل فوٹو)

پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اگر دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ ہے تو بھارت کی فوج بھی اس کی مدد کر سکتی ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے منگل کو بھارتی وزیرِ داخلہ کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام مادرِ وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل کے بقول راج ناتھ کا بیان انتہا پسندی اور طاقت کے نشے میں چور سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے کشمیری عوام کے خلاف دہائیوں سے جاری ریاستی دہشت گردی کو بند کرنے میں اپنی مدد کرے۔ بھارت، پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنا بھی بند کرے۔

بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہریانہ میں ایک انتخابی ریلی کے دوران کہا تھا کہ پاکستان اگر اپنی سر زمین سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہے تو بھارت اس کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو بھارت اس سلسلے میں اپنی فوج بھی پاکستان بھیجے گا۔

بھارتی وزیرِ داخلہ نے کہا تھا کہ دو قومی نظریے کی بنیاد پر 1947 میں بھارت دو ٹکڑے ہوا لیکن 1971 میں آپ کا اپنا ملک دو ٹکڑے ہو گیا۔ اگر ایسی ہی صورتِ حال برقرار رہی تو پاکستان کو مزید ٹکڑے ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان کے کشمیر سے متعلق بیان کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کو کشمیر کو بھول جانے کا مشورہ بھی دیا۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان نے اس بیان کے جواب میں کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان اشتعال انگیز اور بھارتی حکومت کے ذہن کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا بیان انتہا پسندی اور طاقت کے نشے میں چور سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے راج ناتھ سنگھ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیرِ دفاع ایک خود مختار ریاست کو توڑنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

دوسری جانب بھارتی وزیرِ داخلہ کے بیان سے متعلق بھارت میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبد الباسط کہتے ہیں کہ راج ناتھ سنگھ کا بیان ایک انتخابی ریلی کے دوران تھا اور بھارت میں حکمران جماعت ایسے بیانات انتخابات کے دوران اپنے ووٹ بینک کو متاثر کرنے کے لیے دیتی رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو معلوم ہے کہ پاکستان 1971 والا پاکستان نہیں ہے۔ ان کے بقول پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب آپریشنز کے ذریعے دنیا کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے۔

سابق ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

XS
SM
MD
LG