جنوبی افریقہ نے بدھ کے روز دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو چھ وکٹوں سے ہرا کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
ابوظہبی کے مقامی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کے بلے باز گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ کی طرح جنوبی افریقی بالرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔
39 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پانچ وکٹیں گرنے کے بعد یہ نظر آرہا تھا کہ پاکستانی بلے باز شاید زیادہ دیر تک وکٹوں پہ نہ ٹہر پائیں۔ تاہم پانچویں وکٹ کی پارٹنر شپ میں مصباح الحق (33) اور عبدالرزاق (25) پاکستانی ٹیم کا اسکور 18 ویں اوور میں 100 تک لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔
جنوبی افریقی بالر جون تھیرون نے آخری اوور میں مصباح سمیت تین وکٹیں لے کر پاکستان کو 120 رنز نو کھلاڑی آئوٹ پر پویلین لوٹنے پر مجبور کردیا۔ تھیرون نے 27 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔
جواباً جنوبی افریقی بلے بازوں نے 121 رنز کا ٹارگٹ چار وکٹوں کے نقصان پر 4ء18 اوورز میں بآسانی حاصل کرلیا۔ گرائم اسمتھ نے 38 جبکہ کولن گرام نے 32 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔
منگل کو ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان کی بیٹنگ لائن کوئی نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی تھی اور پوری ٹیم 119 رنز کے مجموعی اسکور پر آئوٹ ہوگئی تھی۔ جنوبی افریقہ نے کل کے میچ میں بھی چھ وکٹوں سے فتح حاصل کرلی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب پانچ ون ڈے انٹرنیشنلز کی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔