رسائی کے لنکس

پاناما کیس: انتظار ختم، عدالت عظمٰی فیصلہ آج سنائے گی


سپریم کورٹ کی طرف سے جمعرات کی شام جاری ’کازلسٹ‘ یا مقدمات کی فہرست کے مطابق فیصلہ جمعے کو ساڑھے گیارہ بجے سنایا جائے گا۔

پاکستان کی عدالت عظمٰی پاناما لیکس سے متعلق اپنا فیصلہ آج سنائے گی۔

سپریم کورٹ کی طرف سے جمعرات کی شام جاری ’کازلسٹ‘ یا مقدمات کی فہرست کے مطابق یہ فیصلہ ساڑھے گیارہ بجے سنایا جائے گا۔

سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پاناما لیکس سے متعلق کیس کی سماعت مکمل کرنے کے بعد 21 جولائی کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

حزب مخالف کی سیاسی جماعتوں خاص طور پر تحریک انصاف کے چیئرمین کی طرف سے عدالت عظمٰی سے استدعا کی گئی تھی کہ ملک میں سیاسی بے یقینی کی صورت حال کے خاتمے لیے فیصلہ جلد سنایا جائے۔

واضح رہے کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے 20 اپریل کو پاناما پیپرز کے معاملے پر اپنا ابتدائی فیصلہ سناتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں کے غیر ملکی اثاثوں کی مزید تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو اپنا کام مکمل کرنے کے لیے 60 روز کی مہلت دی گئی تھی، جس کے بعد ’جے آئی ٹی‘ نے اپنی رپورٹ 10 جولائی کو عدالت عظمٰی میں پیش کر دی تھی۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے وزیر اعظم نواز شریف اور اُن کے بچوں کے علاوہ دیگر متعلقہ شخصیات کو بھی طلب کیا گیا اور اُن سے پوچھ گچھ کی گئی۔

وزیر اعظم نواز شریف اور اُن کی جماعت پہلے ہی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کو مسترد کر چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG