صوبہ خیبر پختون خواہ کے گورنر مسعود کوثر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت بہت حد تک کامیاب ہو چکی ہے اور اُن کے بقول یہ سلسلہ آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔
گورنر کوثر نے پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ طویل جنگ ہے اور اس میں پاکستان کی افواج اور پولیس کی بے مثال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ ”ہم اس میں بہت حد تک کامیاب ہو چکے ہیں اور ہماری کامیابی آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہی ہے“۔
دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان امریکہ کا قریبی اتحادی ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس جنگ میں ناصرف اُس کی افواج اور پولیس کو بھاری جانی نقصان ہوا ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی شدید دھچکا لگا ہے۔
ایک غیر سرکاری تنظیم ’Individualland‘ نے بھی حال ہی میں جاری ہونے والی اپنی ایک جائزہ رپورٹ میں کہا ہے پاکستان میں انسداد دہشت گردی کی مہم دوران 2003ء سے اب تک شدت پسندوں کے خلاف لڑائی میں پاکستان میں مجموعی طور پر 32,500سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں ،جن میں 9,410 عام شہری اور 3,326 سکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔ جب کہ ہلاک ہونے والے باقی دہشت گرد اور عسکریت پسند تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے گذشتہ ہفتے سینیٹ میں اپنے ایک تحریر ی بیان میں بتایاتھا کہ2008 ء سے 2011 ء کے درمیان دہشت گردی حملوں اور بم دھماکوں میں تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔