قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں بم تیار کرتے ہوئے دھماکے سے ایک کمانڈر سمیت آٹھ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔
مقامی قبائلیوں اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق تحصیل باڑہ کے اکا خیل نامی علاقے میں شدت پسند بم کی تیاری میں مصروف تھے کہ بارودی مواد میں دھماکا ہو گیا اور جو وہاں موجود جنگجوؤں کی ہلاکت کا سبب بنا۔
اُدھر ایک دوسرے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں سیکورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز اورکزئی کے علاقے خادیزئی میں سکیورٹی اہلکار گشت کر رہے تھے کہ عسکریت پسندوں نے ان پر حملہ کر دیا جس میں متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ جوابی کارروائی میں کم از کم 18 شدت پسند مارے گئے۔
تاہم اس علاقے تک میڈیا کی رسائی نا ہونے کے باعث جانی نقصان کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔