رسائی کے لنکس

پاکستان میں جاری منصوبوں کے لیے اضافی امریکی امداد


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

امریکہ کی طرف سے فراہم کردہ اضافی رقم سے پاکستان میں توانائی، معاشی ترقی، استحکام، حکومت، تعلیم اور صحت عامہ جیسے اہمیت کے حامل شعبوں میں کام کیا جائے گا۔

پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی مواقع کی فراہمی اور معاشی و سیاسی اصلاحات کے لیے امریکہ کی طرف سے 19 ارب روپے کی اضافی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پاکستان میں ترقی کے لیے مختص ان اضافی فنڈز کی فراہمی پاکستان امریکہ شراکت داری کے معاہدے میں ہونے والی ترمیم کے ذریعے کی جا رہی ہے، جس پر حال ہی میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ’’یو ایس ایڈ‘‘ اور پاکستان کی وزرات خزانہ نے دستخط کیے ہیں۔

اس معاہدے کے تحت 'یو ایس ایڈ' کے منصوبے پاکستانی حکومت سے مشاورت کے بعد وضع کیے گئے ہیں۔

یہ منصوبے حکومت کی طرف سے ترقی کے لیے وضع کردہ ’’وژن 2025‘ کا حصہ ہیں۔

امریکی سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 'یو ایس ایڈ' اور پاکستان کی وزرات خزانہ کے درمیان معاشی ترقی سے متعلق معاہدہ، پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، سول اور دفاعی امداد کی بھر پور فراہمی کے لیے روابط جاری رکھنے کے امریکی حکومت کے عزم کا اظہار ہے۔

امریکہ کی طرف سے فراہم کردہ اضافی رقم سے پاکستان میں توانائی، معاشی ترقی، استحکام، حکومت، تعلیم اور صحت عامہ جیسے اہمیت کے حامل شعبوں میں کام کیا جائے گا۔

امریکہ کی طرف سے 2005ء سے 2016ء کے درمیان 'یو ایس ایڈ' کے ذریعے پاکستان کو 840 ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے جس کی وجہ سے پاکستان کا شمار اُن بڑے ممالک میں ہوتا ہے جنہیں امریکہ کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG