پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان قومی ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی کی شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط ہو گی۔
پی سی بی کے مطابق ایشیا کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم ہی کریں گے جب کہ شاداب خان ان کے نائب ہوں گے۔
ایشیا کپ 27 اگست سے 11 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس کا سب سے بڑا میچ 28 اگست کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں ہو گا۔
آخری مرتبہ دونوں ٹیمیں گزشتہ برس کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مدِ مقابل آئی تھیں جس میں پاکستان نے روایتی حریف کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ فخر زمان، محمد رضوان، بابر اعظم، آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، شاہنواز دہانی، عثمان قادر اور محمد وسیم جونیئر پر مشتمل ہے۔
شاہین شاہ آفریدی اسکواڈ کا حصہ ہیں تاہم پی سی بی نے کہا ہے کہ ٹیم ٹرینر اور فزیو تھراپسٹ فاسٹ بالر کی نگرانی کریں گے اور مکمل فٹ ہونے کی صورت میں ہی وہ ایکشن میں دوبارہ نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے اور انہیں گھٹنے میں چوٹ آئی تھی۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ فاسٹ بالر حسن علی کو آرام دیا گیا ہے جن کی جگہ نسیم شاہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے اور ان کی شمولیت سے فاسٹ بالنگ کا شعبہ مزید مضبوط ہوگا جہاں پہلے ہی شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر اور شاہنواز دہانی جیسے تیز گیند باز موجود ہیں۔
ان کے بقول نسیم شاہ نے اب تک انٹرنیشنل ریڈ بال کرکٹ نہیں کھیلی لیکن وہ اپنی تیز رفتار بالنگ کی وجہ سے ایک موزوں اٹیکنگ آپشن ہو سکتے ہیں۔
دورۂ نیدرلینڈز کے لیے بھی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان
پاکستانی ٹیم رواں ماہ کے دوسرے ہفتے نیدرلینڈز پہنچے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 16 سے 21 اگست کے درمیان تین ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی نے اس دورے کے لیے بھی 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جو عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، شاداب خان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، شاہنواز دہانی، زاہد محمود اور محمد وسیم جونیئر پر مشتمل ہے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ نیدرلینڈز کے لیے سلمان علی آغا کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ دو پاکستان کپ ٹورنامنٹ میں بالترتیب 40 اور 48 کی اوسط سے رنز بنائے تھے۔
ان کے بقول سلمان آغا کی صورت میں کپتان بابر اعظم کو ایک اضافی بالر دستیاب ہو گا۔