پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے شاندار چھکا لگا کر سری لنکا کے خلاف اپنی ٹیم کو تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں کامیابی دلوا دی اور یوں سری لنکا کے خلاف نو سال بعد پاکستان ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا۔
منگل کو پالیکیلے میں کھیلے جانے والے میچ کے آخری روز یونس خان اور شان مسعود نے جب اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پاکستان کو فتح کے لیے 147 رنز درکار تھے۔
شان مسعود اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی سینچری بنا کر 125 رنز پر آؤٹ ہوئے تو کپتان مصباح الحق میدان میں اترے۔
اپنا 101 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے والے یونس خان نے ٹیسٹ میچوں میں اپنی تیسویں سینچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ یہ اعزاز بھی حاصل کیا کہ وہ 11 مرتبہ 150 سے زائد انفرادی رنز بنانے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
انھوں نے 171 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، جب کہ کپتان مصباح الحق 59 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کے اسپنر یاسر شاہ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم بری طرح ناکام دکھائی دی اور صرف 215 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 313 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 377 رنز کا ہدف دیا جو اس نے تین وکٹوں کے نقصان پر جیت لیا۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان نے دس وکٹوں سے جیتا تھا جب کہ دوسرے میچ میں سری لنکا نے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اب دونوں ملکوں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز شروع ہو گی جس کا پہلا میچ 11 جولائی کو ڈمبولا میں کھیلا جائے گا۔