رسائی کے لنکس

شکاگو نیٹو سربراہ اجلاس: صدر زرداری شرکت کریں گے


نیٹو کے ایک ترجمان نے کہاہے کہ یہ اجلاس افغان عوام اور ان کے مستقبل سے منسلک بین الاقوامی کمیونٹی کے مصمم عہد کو اجاگر کرے گی اور اس میں پاکستان کا ایک نمایاں کردارادا کرے گا۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان ندیم ہوتیانہ نے منگل کے روز کہاہے کہ صدرآصف علی زرداری اس ہفتے شکاگو میں منقعد ہونے والی نیٹوسربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔جس سے افغانستان کےمستقبل پر اعلیٰ سطحی مذاکرات میں پاکستان کی شرکت کے سوال پر اٹھنے والی قیاس آرائیوںکا خاتمہ ہوگیا ہے۔

پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ صدر زرداری 20 مئی کو نیٹو کی 21 ویں سربراہ کانفرنس میں شریک ہوں گے، جواس جانب اشارہ ہے کہ نومبر میں سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو حملے کے بعد جس کے نتیجے میں 24 پاکستانی فوجی ہلاک ہوگئے تھے، پاکستان اور واشنگٹن کے درمیان خراب ہونے والے تعلقات بالآخر بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

پاکستان نے اس حملے کے ردعمل میں افغانستان میں نیٹو کی سپلائی روک دی تھی۔

نیٹو کے ایک ترجمان اوانا لنگیسکو نے کہاہے کہ یہ اجلاس افغان عوام اور ان کے مستقبل سے منسلک بین الاقوامی کمیونٹی کے مصمم عہد کو اجاگر کرے گی اور اس میں پاکستان کا ایک نمایاں کردارادا کرے گا۔

توقع ہے کہ افغان صدر حامد کرزئی بھی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں نیٹو ممالک 2014ء کے آخر تک اپنے زیادہ تر فوجی دستے افغانستان سے نکالنے کےاپنے منصوبوں کو موضوع بنائیں گے۔

جیسے جیسے علاقے میں مغربی اقوام کی موجودگی میں کمی آئے گی، پاکستان کو، جس کے قبائلی علاقوں میں طالبان اور دوسرے عسکریت پسندوں نے اپنی پناہ گاہیں قائم کررکھی ہیں، افغانستان کے مستقبل کی تعمیر کے لیے ایک اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG