رسائی کے لنکس

فلسطینی گروپ قاہرہ میں امن معاہدے پر دستخط کرینگے


فلسطینی گروپ قاہرہ میں امن معاہدے پر دستخط کرینگے
فلسطینی گروپ قاہرہ میں امن معاہدے پر دستخط کرینگے

مصری حکام نے کہا ہے کہ متحارب فلسطینی دھڑوں، الفتح اور حماس، کے درمیان قومی حکومت کے قیام کے معاہدے پر بدھ کے روز قاہرہ میں دستخط کیے جائینگے۔

حکام کے بقول معاہدے کی دستخطی تقریب میں الفتح سے تعلق رکھنے والے فلسطینی صدر محمود عباس اور حماس کے جلاوطن رہنما خالد مشعل بھی شرکت کرینگے۔

واضح رہے کہ خالد مشعل پہلے ہی مصری دارالحکومت میں موجود ہیں جبکہ فلسطینی صدر منگل کے روز مصر پہنچ رہے ہیں۔

معاہدے کے تحت دونوں فلسطینی دھڑے ایک نگراں قومی حکومت کے قیام پر متفق ہوگئے ہیں جو ایک برس کے اندر اندر ملک میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کرائے گی۔

مذکورہ معاہدے کے بعد فلسطین کے دونوں منقسم علاقوں ۔ مغربی کنارے اور غزہ - کا انتظام نگراں حکومت سنبھال لے گی۔ اس وقت مغربی کنارے پر الفتح کی فلسطینی اتھارٹی کی حکومت ہے جبکہ حماس نے غزہ کی پٹی کا انتظام سنبھال رکھا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے مذکورہ معاہدے کی شدید مخالفت کی جارہی ہے۔ اسرائیل حماس کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیتا آیا ہے۔ اسرائیلی حکومت نے دھمکی دی ہے کہ اگر الفتح نے حماس کے ساتھ معاہدہ کیا تو اس کی جانب سے فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ تعاون پر نظرِ ثانی کی جائے گی۔

اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ فلسطینی صدر محمود عباس کو انتخاب کرنا ہوگا کہ وہ "حماس یا اسرائیل میں سے کس کے ساتھ امن سے رہنا چاہتے ہیں"۔ اسرائیلی وزیرِاعظم کے بقول "دونوں کے ساتھ بیک وقت امن سے رہنا ممکن نہیں"۔

دریں اثناء غزہ سے تعلق رکھنے والے حماس کے ایک اہم رہنما نے کہا ہے کہ نئی قومی حکومت کے وزیرِاعظم کا تعلق مغربی کنارے کے بجائے غزہ سے ہونا چاہیے۔

XS
SM
MD
LG