نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر گرانٹ بریڈبرن کو تین سال کے لئے پاکستان کا فیلڈنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔
52سالہ بریڈبرن متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ 2018ء کے دوران پاکستانی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
بریڈبرن چار سال تک اسکاٹ لینڈ کے ہیڈکوچ کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
بریڈبرن کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعلیٰ معیار کے کوچنگ اسٹاف کو جوائن کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے جون میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم میں متاثر کن تبدیلیاں اور کھلاڑیوں کی فیلڈنگ صلاحیتوں اور فٹنس کا مشاہدہ کیا اور میں چاہوں گا کہ اپنے تجربے کی بدولت مستقبل میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بناؤں۔
گرانٹ بریڈبرن نے 1990 سے 2001ء کے دوران نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی اس دوران انہوں نے 7 ٹیسٹ اور 11 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے۔
پاکستان کے سابق فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کا کانٹریکٹ جون 2018ء میں ختم ہوگیا تھا اور پاکستان کا دورہ آئرلینڈ و انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ اُن کی آخری اسائنمنٹ تھی۔