رسائی کے لنکس

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوچنگ اسٹاف تبدیل کرنے کا فیصلہ


مکی آرتھر (فائل فوٹو)
مکی آرتھر (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بالنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لوڈن کے معاہدوں میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مکی آرتھر کا پاکستان کرکٹ بورڈ سے معاہدہ 15 اگست کو ختم ہو رہا ہے تاہم وہ اس میں مزید دو سال کی توسیع کے خواہش مند تھے۔

بدھ کو پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین بورڈ احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی نے اپنی متفقہ سفارشات چیئرمین پی سی بی کو ارسال کی تھیں جن میں کوچنگ اسٹاف کی تبدیلی کی تجویز بھی شامل تھی۔

نئے کوچنگ اسٹاف کی تقرری کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ جلد اشتہار جاری کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے مکمل جائزے کے بعد اپنی سفارشات پیش کی ہیں۔

احسان مانی نے کہا کہ "کمیٹی کی متفقہ سفارش ہے کہ اب نئی قیادت کی ضرورت ہے اور میں ان کی سفارشات کو بخوشی قبول کرتا ہوں۔"

مکی آرتھر کو 2016 میں وقار یونس کے استعفے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔ مکی آرتھر اس سے قبل ساؤتھ افریقہ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کوچنگ اسٹاف کی خدمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ کی بہتری کے لیے فیصلے کرتا رہے گا۔

XS
SM
MD
LG